عالمی عدالت انصاف اسرائیل کی غزہ میں نسل کشی کے خلاف مقدمے میں جنوبی افریقہ کی درخواست پر جمعہ کو فیصلہ سنائے گی۔ عرب میڈیا کے مطابق عالمی عدالت انصاف کا کہنا ہے کہ 17 ججوں کا پینل اسرائیل کے خلاف درخواست کا فیصلہ سنائے گا، عدالت کا فیصلہ اسرائیل کے خلاف مقدمے کا حتمی فیصلہ نہیں ہوگا۔ عرب میڈیا کے مطابق جنوبی افریقا نے اسرائیل کے خلاف عارضی اقدامات کی استدعا کی تھی، عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ 26 جنوری جمعہ کو پاکستانی وقت کے مطابق شام 5 بجے سنایا جائے گا۔ جنوبی افریقا کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالت قرار دے اسرائیل غزہ میں نسل کشی کنونشن کی خلاف ورزی کر رہا ہے، عدالت اسرائیل کو غزہ میں فوجی آپریشن بند کرنے کا حکم دے.