Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Tuesday, February 24, 2026

نجی اسکولوں میں اساتذہ کو تحریری کنٹریکٹ جاری کرنا لازمی قرار

خیبرپختونخوا میں نجی تعلیمی اداروں کے لیے اساتذہ کے ساتھ باضابطہ تحریری معاہدہ کرنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ خیبرپختونخوا پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی (KP-PSRA) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صوبے بھر کے تمام نجی اسکول ہر نئے مقرر ہونے والے استاد کو تحریری کنٹریکٹ/اپائنٹمنٹ لیٹر جاری کرنے کے پابند ہوں گے۔

اتھارٹی کے ڈائریکٹر آپریشنز کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ KP-PSRA ریگولیشنز 2018 کی متعلقہ شق کے تحت تقرری سے قبل تحریری معاہدہ کرنا قانونی تقاضا ہے۔ اتھارٹی کو موصول شکایات میں انکشاف ہوا تھا کہ بعض نجی اسکول اساتذہ کو بغیر باضابطہ معاہدے کے تعینات کر رہے ہیں، جس سے سروس معاملات اور تنخواہوں کے تنازعات میں پیچیدگیاں پیدا ہو رہی تھیں۔

اعلامیے کے مطابق ہر کنٹریکٹ میں سروس کی تمام شرائط و ضوابط واضح طور پر درج ہونا لازمی ہوگا، جن میں تقرری کی نوعیت، تنخواہ اور پے اسٹرکچر، فرائض و ذمہ داریاں، اوقاتِ کار، رخصت کی تفصیل، معاہدے کی مدت اور تجدید یا برطرفی کی شرائط شامل ہوں گی۔ ہدایت کی گئی ہے کہ معاہدہ تقرری کے وقت جاری کیا جائے، جس پر اسکول انتظامیہ اور متعلقہ استاد دونوں کے دستخط ہوں۔ ایک کاپی استاد کو فراہم کی جائے جبکہ دوسری اسکول ریکارڈ میں محفوظ رکھی جائے تاکہ سرکاری معائنہ کے دوران پیش کی جا سکے۔

اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ ہدایات پر من و عن عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دریں اثنا، ماہر قانون عباس خان سنگین نے کہا ہے کہ اگر نجی اسکول انتظامیہ اساتذہ کو کم تنخواہ دے یا تنخواہوں میں غیر قانونی کٹوتی کرے تو متاثرہ اساتذہ اتھارٹی کے پاس شکایت درج کرا سکتے ہیں اور عدالت سے بھی رجوع کر سکتے ہیں۔ تعلیمی حلقوں نے اس اقدام کو اساتذہ کے حقوق کے تحفظ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

نجی اسکولوں میں اساتذہ کو تحریری کنٹریکٹ جاری کرنا لازمی قرار

Shopping Basket