قبائلی ضلع خیبر میں موجود غیر قانونی طور پر مقیم افغانیوں کو ان کے وطن افغانستان واپس بھیجنے کیلئے سیکیورٹی فورسز کے عہدے داران اور علاقائی مشران کے درمیان ایک جرگہ منعقد ہوا. سیکیورٹی فورسز کے افسران نے مقامی مشران کے ساتھ افغان باشندوں کی افغانستان واپسی کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور و فکر کیا۔ علاقائی مشران نے خیبر میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو افغانستان ڈیپورٹ کرنے کے لیے ایک مہینے کا وقت مانگ لیا جس پر سیکیورٹی فورسز کے افسران نے آمادگی کا اظہار کیا۔ علاقائی مشران کا کہنا تھا کہ وہ متعلقہ علاقوں کی مساجد میں اعلانات کروائیں گے علاوہ ازیں مختلف واٹس ایپ چینلز اور واٹس ایپ گروپس کے ذریعے بھی اپنا پیغام غیر قانونی طور پر مقیم افغانی باشندوں تک پہنچائیں گے کہ وہ ایک مہینے کے اندر اپنے وطن افغانستان لوٹ جائیں بصورت دیگر انہیں حکومت کے حوالے کر دیا جائے گا۔


