پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی کاکول اکیڈمی میں فوج کی زیرِ نگرانی تربیت جاری ہے۔ ٹریننگ لینے والے کھلاڑیوں میں بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، محمد نواز، صائم ایوب، فخر زمان، محمد حارث، اعظم خان اور دیگر کھلاڑی شامل ہیں۔ تربیتی کیمپ کا مقصد کھلاڑیوں کی جسمانی و ذہنی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ہے۔ یہ پہلا موقع نہیں جب پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی فوج کی نگرانی میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ اس سے قبل مئی 2016 میں بھی پاکستان ٹیم کے دورۂ انگلینڈ سے قبل کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے کاکول میں کیمپ لگایا گیا تھا۔
