Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Sunday, July 27, 2025

خیبرپختونخواکا بارہ رکنی وفد چین روانہ، مذہبی سفارتکاری پروگرام میں شرکت

خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف کی قیادت میں بارہ رکنی وفد چین روانہ ہو گیا۔ وفد میں وزیر مذہبی امور عدنان قادری، وزیر سوشل ویلفیئر سید قاسم علی شاہ، قومی وطن پارٹی کے نائب چیئرمین سکندر حیات شیرپاؤ، اسلامک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈی جی ڈاکٹر ضیاء الحق، دارالعلوم کراچی کے نائب صدر مولانا زبیر اشرف عثمانی، جامعہ احسن العلوم کے مہتمم مولانا انور شاہ، وفاق المدارس پاکستان کے ترجمان مولانا عبدالقدوس محمدی، مولانا اسامہ اجمل، مولانا محمد احمد، سید شاہ فیصل، حاجی محمد ابرار، اسرار مدنی اور دیگر شامل ہیں۔

یہ دورہ چینی وزارت خارجہ کی دعوت پر IRCRA کے مذہبی سفارتکاری پروگرام کے تحت کیا جا رہا ہے۔ بیرسٹر سیف کے مطابق پروگرام کا مقصد چین اور پاکستان سمیت مسلم دنیا کے ساتھ سماجی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانا، باہمی مکالمے اور علاقائی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام نے اپنی کامیابی کی وجہ سے دنیا بھر میں خاص مقام حاصل کیا ہے۔ اس سال وفد کو سیاسی و مذہبی قیادت پر مشتمل مشترکہ گروہ کے طور پر تشکیل دیا گیا ہے۔

وفد بیجنگ، ارومچی اور کاشغر سمیت سنکیانگ کے مختلف علاقوں کا دورہ کرے گا۔ یہ وفد چینی وزارت خارجہ، کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی قیادت، مسلم رہنماؤں، تعلیمی اداروں اور اہم مراکز سے ملاقاتیں کرے گا۔ روانگی سے قبل چینی سفارتکار اور منسٹر کونسلر مسٹر شو نے وفد سے ملاقات کی۔ مسٹر شو نے کہا کہ سنکیانگ تیزی سے ترقی کرنے والا صوبہ ہے اور اس دورے کے پاک چین تعلقات پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ بیرسٹر سیف نے چینی حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس دورے کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔

خیبرپختونخواکا بارہ رکنی وفد چین روانہ، مذہبی سفارتکاری پروگرام میں شرکت

Shopping Basket