جی او سی نائن ڈویژن میجر جنرل ذولفقار علی بھٹی کی سربراہی میں ضلع کوہاٹ میں کرم کے اہلسنت مشران کی میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں انجمنِ فاروقیہ کرم کے صدر منیر بنگش کی قیادت میں وفد کے ساتھ علاقے میں امن و استحکام برقرار رکھنے اور لوگوں کو درپیش مسائل اور انکے حل پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔مشران نے بالش خیل مورچوں پر ریاست کے سامنے اپنا موقف واضح کیا اور مری معاہدے کی عملدرآمد پر زور دیا تاکہ علاقے میں دیرپا امن کوششوں کو دوام مل سکے۔ میٹنگ میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ مورچے اور بھاری ہتھیاروں کے ہوتے ہوئے امن کا قیام ایک خواب رہے گا۔ زمینی تنازعات، آباد کاری، بوشہرہ کا تحفظ اور گوئی انزرکی بارڈر جیسے دیگر مسائل پر بھی بات ہوئی اور اہلسنت مشران نے حل طلب مسائل میں ریاست کی ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا کیوں کہ امن علاقے کے مکینوں کی اولین ترجیح ہے۔ وفد نے گرینڈ جرگہ کے ذریعے امن تیگہ کی خلاف ورزیوں پر فیصلوں کو امن کیلئے ایک ضرورت قرار دیا۔