کوہاٹ میں پولیس کی کال پر کچہری چوک پر ہندوستانی جارحیت کے خلاف ایک عظیم الشان احتجاجی ریلی منعقد ہوئی، جس میں مذہبی، سماجی، سیاسی شخصیات، تاجر برادری، بچوں اور پولیس افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ یہ ریلی کوہاٹ پریس کلب سے شروع ہو کر کچہری چوک تک پہنچائی گئی، جہاں مظاہرین نے بھارت کی ناجائز اور انسانیت سوز جارحیت کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔
ریلی کے دوران مظاہرین نے کشمیر کے پہلگام واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے دنیا بھر کے مظلوم عوام اور مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ ایس پی آپریشن فاروق رحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اور افواج بھارت کی کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لئے ہر محاذ پر تیار ہیں۔ سماجی و مذہبی شخصیات حاجی نصیر اور صحافی سعید اورکزئی نے کہا کہ پاکستانی عوام، بالخصوص پشتون کمیونٹی، وطن کی حفاظت میں افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔