Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Wednesday, December 31, 2025

خیبر پختونخوا پولیس بم ڈسپوزل یونٹ کی سالانہ کارکردگی حوصلہ افزا قرار

پشاور (پریس ریلیز): انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے بم ڈسپوزل یونٹ (BDU) کی سال 2025 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے یونٹ کی مجموعی کارکردگی کو نہایت حوصلہ افزا قرار دیا ہے اور افسران و جوانوں کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کو سراہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بم ڈسپوزل یونٹ نے سال 2025 کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں حساس مقامات، تعلیمی اداروں، سرکاری عمارات، بازاروں اور عوامی اجتماعات میں موصول ہونے والی بم تھریٹس پر فوری اور مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 110 خطرناک خود ساختہ دھماکہ خیز آلات (IEDs) ناکارہ بنائے۔ ان میں سے 35 آئی ای ڈیز کو موقع پر محفوظ طریقے سے غیر فعال کیا گیا جبکہ 75 کو کنٹرولڈ بلاسٹ کے ذریعے تلف کیا گیا۔
اسی دوران بم ڈسپوزل یونٹ نے 385 دستی بم بھی ناکارہ بنائے، جن میں 251 دستی بم موقع پر غیر مؤثر کیے گئے جبکہ 134 کو حفاظتی اقدامات کے تحت بلاسٹ کر کے تلف کیا گیا۔ علاوہ ازیں 145 راکٹ گولے ناکارہ بنائے گئے، جن میں سے 70 کو موقع پر اور 75 کو بلاسٹ کے ذریعے تلف کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق 9 بارودی مائنز میں سے 7 کو جائے وقوعہ پر محفوظ طریقے سے غیر فعال کیا گیا جبکہ 2 کو کنٹرولڈ بلاسٹ کے ذریعے تباہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ 12 خودکش جیکٹس کو بھی مختلف کارروائیوں کے دوران ناکارہ بنایا گیا، جن میں ایک کو موقع پر محفوظ انداز میں غیر مؤثر کیا گیا جبکہ 11 کو بلاسٹ کے ذریعے مکمل طور پر تلف کیا گیا۔
آئی جی پی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ بم ڈسپوزل یونٹ نے سال 2025 کے دوران سیکیورٹی کو درپیش سنگین خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹتے ہوئے مشکوک اور خطرناک بارودی مواد کو بروقت ناکارہ بنایا، جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں اور سرکاری و نجی املاک کو ممکنہ نقصان سے محفوظ رکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں، سرکاری دفاتر، بازاروں، عوامی مقامات اور بڑے اجتماعات کے دوران بم تھریٹس پر فوری اور محتاط رسپانس بی ڈی یو کی اعلیٰ تربیت اور عملی مہارت کا واضح ثبوت ہے۔ یونٹ کے اہلکاروں نے نہایت خطرناک حالات میں پیشہ ورانہ تدبر اور جرات مندی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔
آئی جی پی نے مزید کہا کہ بم ڈسپوزل یونٹ نے مختلف آپریشنز اور سیکیورٹی سرگرمیوں کے دوران دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ اور ہم آہنگی قائم رکھی، جس سے مجموعی سیکیورٹی اقدامات کو مزید مضبوط بنایا گیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بم ڈسپوزل یونٹ پولیس فورس کا ایک انتہائی حساس اور تکنیکی یونٹ ہے جس کی خدمات کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فیصلہ کن حیثیت رکھتی ہیں۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس نے ہدایت کی کہ بم ڈسپوزل یونٹ کی استعداد میں مزید اضافہ کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، حفاظتی سازوسامان اور خصوصی تربیت کا عمل آئندہ بھی جاری رکھا جائے تاکہ بدلتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبر پختونخوا پولیس صوبے میں امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر پیشہ ورانہ اقدامات جاری رکھے گی۔

خیبر پختونخوا پولیس بم ڈسپوزل یونٹ کی سالانہ کارکردگی حوصلہ افزا قرار

Shopping Basket