وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے اقوام متحدہ کے وفد کی ملاقات

وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے اقوام متحدہ کے وفد کی ملاقات ہوئی۔ جس کی قیادت ریزیڈنٹ کوارڈینیٹر برائے پاکستان محمد یحییٰ کر رہے تھے۔ وفد میں مس ہیروکو، مس افکی بوٹسمین، کارلس عباس گیہا اور دیگر اراکین شامل تھے۔ ایم این اے فیصل امین گنڈاپور، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی اور صوبائی حکومت کے دیگر اہلکار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں کی جانب سے صوبے میں عوامی فلاح و بہبود کیلئے کی جانے والی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صحت کے شعبے، خاص طور پر پولیو وائرس کے خاتمے، زچہ و بچہ کی صحت، اور نوزائیدہ بچوں کی اموات کی روک تھام جیسے امور پر خصوصی توجہ دی گئی۔ دیگر موضوعات میں تعلیم، ماحولیات، ثقافت، سیاحت، اور دیہی ترقی شامل تھے۔ ساتھ ہی، اقوام متحدہ کے عملے کی سکیورٹی اور نقل و حمل کے معاملات پر بھی بات چیت ہوئی۔

وزیراعلی خیبر پختونخوا نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں کی کوششیں قابل ستائش ہیںاورموجودہ حکومت ان کے ساتھ مزید مربوط انداز میں کام کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے زوردیا کہ پولیو وائرس کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ہےاوراس سلسلے میں نئے عزم کے ساتھ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے انسداد پولیو مہم کو مزید موثر بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ وزیراعلی نے نوزائیدہ بچوں کی اموات کی شرح پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بنیادی مراکز صحت پر سرمایہ کاری کر رہی ہے تاکہ زچہ و بچہ کی صحت کی سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے صحت کے شعبے میں بین الاقوامی اداروں کے تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

وزیراعلی خیبر پختونخوا کاکہنا تھا کہ تعلیم کے شعبے میں خاص طور پر بچیوں کی تعلیم کو خا ص ترجیح دی جا رہی ہے۔ ضم اضلاع میں 36 ہزار بچیوں کو تعلیمی وظائف فراہم کیے جا رہے ہیں۔ جس سے شرح خواندگی بڑھانے میں مدد مل رہی ہے۔ صوبائی حکومت مذہبی اور ثقافتی اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے بھی اقدامات کر رہی ہے۔ جن میں عبادت گاہوں کو سولر سسٹم فراہم کرنا شامل ہے۔ محمد یحییٰ نے صوبائی حکومت کے صحت کے شعبے میں اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے پولیو وائرس کے خاتمے اور زچہ و بچہ کی صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket