پشاور۔ خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی (کیپرا) نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مالی سال 2024-25 میں دئیے گئے ہدف سے 4.56 ارب زیادہ محاصل اکٹھے کرلئے۔
تفصیلات کے مطابق کیپرا نے مالی سال 2024-25 کے دوران 51.56 ارب روپئے کے محاصل اکھٹے کرکے نہ صرف دئیے گئے ہدف کو حاصل کیا بلکہ صوبائی حکومت کی جانب سےمالی سال 2024-25 کے لئے دیئے گئے 47 ارب روپے کے ہدف سے 4.56 ارب اضافی محاصل اکٹھے کر لیے۔
ترجمان کیپرا کے مطابق، سال 2023-24 کے مقابلے میں رواں برس کیپرا کے محاصل میں 37 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔ مالی سال 2024-25 کے دوران سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں 41.3 ارب جبکہ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سس کی مد میں 11.26 ارب روپے اکٹھے کئے گئے۔
خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی نے ٹیکس کے دائرہ کار کو وسعت دینے پر بھرپور توجہ دی، جس کے نتیجے میں مالی سال 2024-25 کے اختتام تک رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کی تعداد 25,100 سے تجاوز کر گئی۔ ٹیکس نیٹ میں اس اضافے نے محصولات میں نمایاں اضافہ یقینی بنایا۔ ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی (کیپرا) فوزیہ اقبال نے اپنے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ دئیے گئے ہدف سے 4.3 ارب روپے زائد محصولات کا حصول کیپرا کی ٹیم کی انتھک محنت، لگن اور پیشہ ورانہ کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیپرا آئندہ مالی سال کے اہداف کے حصول کے لیے بھی اسی جذبے اور عزم کے ساتھ کام کرے گی۔ اگر ہم نے اسی لگن اور طریقہ کار کو جاری رکھا تو مجھے یقین ہے کہ ہم اگلے سال بھی اپنا ہدف حاصل کر لیں گے اور خیبر پختونخوا کو مالی خود کفالت کی جانب گامزن کرنے میں اپنا کردار مؤثر انداز میں ادا کریں گے۔
فوزیہ اقبال نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جناب علی آمین گنڈاپور اور مشیر خزانہ جناب مزمل اسلم کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کیپرا کی اس کامیابی میں ان کی رہنمائی اور بھرپور تعاون کا کلیدی کردار ہے۔
انہوں نے ٹیکس دہندگان کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم اپنے تمام ٹیکس دہندگان کے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے ہم پر اعتماد کیا، بروقت ٹیکس ادا کیا اور ہمارے ساتھ مکمل تعاون کیا، ان کی شراکت کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہ تھی۔
ڈی جی کیپرا نے کہا کہ ان کے دفتر کے دروازے ہمیشہ ٹیکس دہندگان کے لیے کھلے ہیں اور کیپرا کی ٹیم ہر ممکن کوشش کرے گی کہ انہیں بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور ٹیکس کی ادائیگی سے متعلق تمام امور کو ان کے لیے آسان اور سہل بنایا جائے۔