Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Saturday, April 11, 2026

سعودی وزیر خزانہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات، دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد: مملکت سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان نے وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر (چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف)، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک اور قومی سلامتی کے مشیر بھی شریک تھے، جبکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی وزیر خزانہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے سعودی قیادت کی جانب سے پاکستان کو فراہم کی جانے والی دیرینہ اقتصادی و مالی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس تعاون نے پاکستان کے معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات مضبوط اور دیرپا ہیں اور دونوں ممالک ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر سعودی وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے، جیسا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن میں واضح کیا گیا ہے۔

سعودی وزیر خزانہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات، دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ پر اتفاق

Shopping Basket