Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Monday, June 23, 2025

آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر جامعہ کوہاٹ میں قومی یکجہتی سیمینار

جامعہ کوہاٹ برائے سائنس و ٹیکنالوجی (کسٹ) میں منعقدہ ایک اہم قومی سیمینار میں آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام شعبہ پولیٹیکل سائنس اور پاکستان اسٹڈیز کسٹ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد ایاز کی زیر نگرانی کیا گیا۔

سیمینار میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس، پرو وائس چانسلر، ڈینز، ڈائریکٹرز، شعبہ جات کے سربراہان، اساتذہ اور بڑی تعداد میں طلباء و طالبات نے شرکت کی۔

مہمانِ خصوصی جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) 9 ڈویژن میجر جنرل ذوالفقار علی بھٹی نے اپنے خطاب میں نوجوانوں کو پاکستان کا “اصل سرمایہ” قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن پاکستان کے خلاف روایتی جنگ کے ساتھ ساتھ سائبر وار کے ذریعے عوام اور افواج میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے، مگر قوم نے ہمیشہ یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان سازشوں کو ناکام بنایا ہے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص ایک “معجزہ” تھا، جس کے بعد دشمن کی ہمت نہیں ہوگی کہ وہ پاکستان کی خودمختاری پر حملہ کرے۔ انہوں نے افواجِ پاکستان کو سلام پیش کیا اور تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

پروفیسر ڈاکٹر فخرالاسلام، ڈائریکٹر پاکستان اسٹڈی سینٹر، جامعہ پشاور نے کہا کہ کمزور معاشی حالات کے باوجود 2025 میں پاکستانی قوم نے قومی یکجہتی کا زبردست مظاہرہ کیا، جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس قومی جذبے کو مزید فروغ دیا جائے۔

پروفیسر شکیلہ ناز، گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج کوہاٹ نے کہا کہ اس سیمینار میں پاکستان کی تین بڑی طاقتیں – افواج، اساتذہ اور طلباء – ایک جگہ موجود تھیں، جو قومی وحدت کی علامت ہے۔ انہوں نے پاکستان کی جیو اسٹریٹیجک اہمیت پر بھی سیر حاصل گفتگو کی۔

جی او سی میجر جنرل ذوالفقار علی بھٹی نے دہرایا کہ پاکستان کے سائنسدان اور نوجوان ہی اس جنگ کے اصل ہیروز ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان دفاعی طور پر نہ صرف مستحکم ہے بلکہ جدید ٹیکنالوجی کی جانب بھی پیش قدمی کر رہا ہے۔

تقریب کے اختتام پر سوال و جواب کے سیشن میں طلباء و طالبات نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا، جس پر جی او سی نے طلباء کو تاریخ کے حوالے سے تحقیقی گروپس تشکیل دینے اور معلومات کا تبادلہ کرنے کی دعوت دی۔

آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر جامعہ کوہاٹ میں قومی یکجہتی سیمینار

Shopping Basket