لکی مروت (پہاڑ خیل): علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور عوامی مسائل کے مؤثر حل کے لیے پولیس اور پاک فوج کے زیرِ انتظام مشران و عمائدین کا ایک اہم جرگہ منعقد ہوا، جس میں پہاڑ خیل کے معزز مشران اور قبائلی عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
جرگے سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لکی مروت نذیر خان (PSP) اور بریگیڈیئر حیدر علی، کمانڈر 55 بریگیڈ نے کہا کہ پائیدار امن کے قیام میں مشران و عمائدین کا کردار نہایت اہم ہے اور عوامی تعاون کے بغیر دیرپا امن ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشران کی رہنمائی اور حمایت سیکیورٹی اداروں کے لیے ایک مضبوط ستون کی حیثیت رکھتی ہے۔
جرگے کے دوران علاقے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، امن دشمن عناصر کی سرگرمیوں اور سیکیورٹی اداروں کے اقدامات و آئندہ حکمتِ عملی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر مشران و عمائدین نے انتظامی اور عوامی مسائل پر اپنی تجاویز پیش کیں، جن کے حل کے لیے عملی اقدامات کی یقین دہانی کرائی گئی۔
تقریب کے دوران بچوں میں کھانے پینے کی اشیاء بھی تقسیم کی گئیں، جس سے ماحول خوشگوار ہو گیا۔ آخر میں عمائدین نے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون، شانہ بشانہ کھڑے رہنے اور امن دشمن عناصر کے خلاف متحد رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔


