Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Friday, January 23, 2026

لکی مروت: سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ

لکی مروت: کمانڈر 55 بریگیڈ بریگیڈیئر حیدر علی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لکی مروت نذیر خان نے صوبہ پنجاب سے متصل سرحدی علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چوکی میر عالمی اور درہ تنگ کا خصوصی معائنہ کیا۔

دورے کے دوران پاک فوج اور پولیس کے افسران نے مجموعی سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور پولیس چوکیات پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی۔ افسران نے جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے ان میں نقد انعامات بھی تقسیم کیے۔

بریگیڈیئر حیدر علی نے موجودہ حالات کے پیش نظر دورانِ ڈیوٹی الرٹ رہنے، اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھنے اور اپنی ذاتی سیکیورٹی کا خاص خیال رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے امن و امان کے لیے پولیس اور پاک فوج کی مشترکہ کاوشیں انتہائی قابلِ ستائش ہیں اور سرحدی علاقوں میں فورسز کا متحرک اور مربوط ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

دورے کے دوران لکی ٹو درہ تنگ روڈ کی سیکیورٹی مزید بڑھانے پر بھی خصوصی غور و خوض کیا گیا۔ بریگیڈیئر حیدر علی کا کہنا تھا کہ ہماری فورسز دن رات اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہیں اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے، جبکہ ملک کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔

اس موقع پر ڈی پی او نذیر خان نے کہا کہ پولیس اور پاک فوج ہر محاذ پر چوکس اور الرٹ ہیں اور شرپسند عناصر کی کوئی بھی کوشش جوانوں کے مضبوط حوصلوں کے سامنے کامیاب نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرحدی علاقوں اور درہ تنگ روڈ پر سیکیورٹی کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے اور عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شرپسند عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی اور لکی مروت کی سرزمین سے ان کا مکمل صفایا کیا جائے گا۔

لکی مروت: سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ

Shopping Basket