Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Saturday, August 30, 2025

لکی مروت: معرکۂ حق اور یومِ آزادی پاکستان کی پروقار تقریب

معرکۂ حق اور یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر ٹاؤن کمپلیکس لکی مروت میں ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لکی مروت  ذیشان عبداللہ، ڈی پی او لکی نزیز خان اور پاک فوج کے افسران نے پاکستانی پرچم کو سلامی دی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور قومی ترانے سے ہوا۔ ڈپٹی کمشنر ذیشان عبداللہ نے اپنے خطاب میں یومِ آزادی کی اہمیت اور آزادی کی نعمت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے آزادی کی 78ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان کی قربانیوں، ترقی اور استحکام کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر گفتگو کی اور نوجوانوں کو وطنِ عزیز کی خدمت کا پیغام دیا۔

اس موقع پر یومِ آزادی کی مناسبت سے خصوصی کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد ہوئی، جس میں سول سوسائٹی کے نمائندگان، طلبہ اور بچوں نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے قومی پرچم لہرایا، ملی نغمے گائے اور پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں کیں۔ڈپٹی کمشنر لکی مروت اور ڈی پی او لکی مروت نے اس موقع پر ٹاؤن کمپلیکس میں ایک پودا بھی لگایا اور عوام کو شجرکاری کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے پیغام دیا کہ درخت نہ صرف ماحولیاتی تحفظ کے ضامن ہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے قیمتی سرمایہ بھی ہیں۔ تقریب کے بعد ٹاؤن کمپلیکس سے ایک پُرجوش ریلی نکالی گئی، جس میں شرکاء نے قومی پرچم تھامے اور ملی نغمے گاتے ہوئے شہر کی شاہراہوں پر گشت کیا۔ یہ تقریب اور ریلی نہ صرف یومِ آزادی کی خوشیوں کو سمیٹنے کا ذریعہ بنیں بلکہ انہوں نے ملی یکجہتی، حب الوطنی اور عوامی خدمت کے جذبے کو مزید تقویت دی۔

لکی مروت: معرکۂ حق اور یومِ آزادی پاکستان کی پروقار تقریب

Shopping Basket