ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں سرکاری سطح پر بچوں کیلئے کڈنی لیزر ٹریٹمنٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ بچوں کیلئے کڈنی لیزر ٹریٹمنٹ کی سہولت انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز حیات آباد میں شروع کی گئی ہے، جس کا افتتاح مشیر صحت احتشام علی نے کیا۔ انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز کے دورے کے موقع پر مشیر صحت احتشام علی نے نئی ایمرجنسی سہولت، پیڈریاٹریک لیتھوٹریپسی, مائیکرو بیالوجی لیب اور نئے ایڈمسنٹریشن بلاک کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر مشیر صحت نے بغیر آپریشن کے بچوں کے گردے کی پتھری کا لیزر کے ذریعے ہونے والے کامیاب علاج کا جائزہ بھی لیا، نئی سہولیات سے انسٹی ٹیوٹ بہتر طریقے سے عوام کی خدمت کرسکے گا۔ مشیر صحت نے کہا کہ کڈنی انسٹیٹیوٹ کی کارکردگی بہترین ہے، صوبے کے 32 ہسپتالوں میں سہولیات کو مستحکم کررہے ہیں، اضلاع کے ہسپتالوں میں سہولیات کو مستحکم کرنے سے پشاور کے ہسپتالوں میں دباؤ کم ہوگا۔
