Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Thursday, February 5, 2026

کوہستان لوئر: یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ریلی کا انعقاد

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فنانس اینڈ پلاننگ کوہستان لوئر جناب فدا الکریم صاحب کی زیرنگرانی، ضلعی انتظامیہ کوہستان لوئر کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ایک خصوصی ریلی اور علامتی واک کا انعقاد کیا گیا اور کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ ریلی کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ کوہستان لوئر فدا الکریم نے کی، جبکہ دیگر سرکاری محکموں کے افسران و نمائندگان، سول سوسائٹی، طلبہ، اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ملک بھر کی طرح، ضلع کوہستان لوئر میں بھی کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔اس موقع پر کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اور بعد ازاں ایک بھرپور علامتی واک/ ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی کے دوران “کشمیر بنے گا پاکستان”, “پاک فوج زندہ باد” اور دیگر فلک شگاف نعرے بلند کیے گئے۔ شرکاء نے بھارتی ظلم و ستم، غیر قانونی قبضے اور انسانی حقوق کی پامالیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا جائز حق دلوانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
اس حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ کوہستان لوئر نے اپنا مؤقف سامنے رکھتے ہوئے کہا کہ یومِ یکجہتی کشمیر نہ صرف ایک دن ہے بلکہ کشمیری عوام کے ساتھ ہمارے دیرینہ تعلق اور اخوت کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ “کشمیر کل بھی ہمارا تھا، آج بھی ہمارا ہے، اور ہمیشہ ہمارا رہے گا۔” انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام، حکومت، اور ہر ادارہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور بھارتی مظالم کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کرتا رہے گا۔ انہوں نے بھارت کے غیر قانونی اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور اس کے عوام کبھی بھی کشمیر پر بھارتی غاصبانہ تسلط کو تسلیم نہیں کریں گے۔ “ہماری محبت، ہمدردیاں اور دعائیں ہمیشہ کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں، اور ہم ان کی آزادی کی جدوجہد میں ہر ممکن حمایت جاری رکھیں گے۔” یوم یکجہتی کشمیر کے اس موقع پر، ضلعی انتظامیہ کوہستان لوئر، ضلع کوہستان لوئر کے عوام، اور تمام شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے اور ان کے حقوق کے لیے ہر ممکن آواز بلند کریں گے۔ پروگرام کے دوران کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو اجاگر کیا گیا، تقاریر اور آگاہی سیشنز کے ذریعے یومِ یکجہتی کشمیر کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی، جبکہ شرکاء نے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی اخلاقی، سفارتی اور انسانی حمایت ہر سطح پر جاری رکھی جائے گی۔

کوہستان لوئر: یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ریلی کا انعقاد

Shopping Basket