Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Tuesday, February 24, 2026

مالاکنڈ ڈویژن: فارمیسی ‘سی’ پاس امیدواروں کا 13 سال سے ‘کیٹیگری بی’ میں شمولیت کا مطالبہ

مالاکنڈ ڈویژن میں 2013ء کے دوران میڈیکل سٹورز سے وابستہ افراد کیلئے فارمیسی کونسل آف پاکستان کی جانب سے فارمیسی (C) کا خصوصی امتحان منعقد کیا گیا۔ جس میں امیدواروں کو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ فارمیسی سی پاس کرنے والے افراد مستقبل میں کیٹیگری بی کے امتحان میں شرکت کے اہل ہوں گے۔ تاہم 2026ء تک تیرہ برس گزر جانے کے باوجود کیٹیگری بی کے امتحانات منعقد نہ ہو سکے، جس پر متاثرین نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

متاثرہ امیدواروں کے مطابق انہوں نے باقاعدہ امتحان دے کر فارمیسی سی کا سرٹیفکیٹ حاصل کیا، فیسیں جمع کروائیں اور حکام کی یقین دہانی پر مستقبل کی منصوبہ بندی کی، لیکن طویل انتظار کے باوجود انہیں کیٹیگری بی امتحان میں شرکت کا موقع فراہم نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس تاخیر سے نہ صرف ان کا قیمتی وقت ضائع ہوا بلکہ مالی وسائل بھی خرچ ہوئے۔ ضلع چترال سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد نے بتایا کہ وہ بھی اس پالیسی سے متاثر ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق اب انہیں بتایا جا رہا ہے کہ فارمیسی سی کا سرٹیفکیٹ میڈیکل اسٹور چلانے کے لیے قابلِ قبول نہیں، جس سے ان کی پیشہ ورانہ حیثیت اور روزگار خطرے میں پڑ گیا ہے۔

متاثرین کا مؤقف ہے کہ اگر یہ سرٹیفکیٹ غیر قانونی یا ناقابلِ قبول تھا تو اسے جاری کیوں کیا گیا اور امیدواروں کو کیٹیگری بی میں شامل کرنے کی یقین دہانی کیوں کرائی گئی؟ ان کا کہنا ہے کہ طویل عرصہ گزر جانے کے باعث ان کی عمر میں بھی اضافہ ہو چکا ہے، جس کے باعث اب وہ نہ کسی تعلیمی ادارے میں داخلہ لے سکتے ہیں اور نہ نئے امتحانات کی تیاری کر سکتے ہیں۔ متاثرہ افراد نے سیاسی قیادت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فارمیسی کونسل آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ فارمیسی سی پاس امیدواروں کے سرٹیفکیٹس کو کیٹیگری بی کے مساوی تسلیم کیا جائے یا خصوصی بنیادوں پر انہیں کیٹیگری بی میں شامل کرنے کا فوری اور واضح فیصلہ کیا جائے۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے اپیل کی ہے کہ اس دیرینہ مسئلے کا سنجیدگی سے نوٹس لے کر منصفانہ اور قابلِ عمل حل نکالا جائے تاکہ چترال سمیت پورے مالاکنڈ ڈویژن کے متاثرہ خاندانوں کو معاشی مشکلات سے نجات مل سکے۔

مالاکنڈ ڈویژن: فارمیسی ‘سی’ پاس امیدواروں کا 13 سال سے ‘کیٹیگری بی’ میں شمولیت کا مطالبہ

Shopping Basket