مانسہرہ بفہ پریمئیر فٹ بال ٹورنمنٹ کا کامیاب انعقاد، رشیدہ رائلز نے فتح حاصل کی۔بفہ پریمئیر فٹ بال ٹورنمنٹ گزشتہ روز بفہ کے مقامی گراؤنڈ میں منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کی مقامی ٹیموں نے حصہ لیا. تقریب کے مہمان خصوصی سماجی شخصیت احسان خان تھے، جنہوں نے ٹورنمنٹ کے اختتام پر کھلاڑیوں اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ٹورنمنٹ کے اہم میچ میں “رشیدہ رائلز” اور “احمد شہید ایگلز” کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا، جس میں رشیدہ رائلز نے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو 2-0 سے شکست دے کر 2 اہم پوائنٹس اپنے نام کیے۔ میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے شاندار مہارت دکھائی، لیکن رشیدہ رائلز کی اسٹریٹجی اور ٹیم ورک نے انہیں فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی احسان خان نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ کھیل ہار جیت کا نام ہے، لیکن اصل کامیابی محنت، نظم و ضبط اور مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے سے ملتی ہے۔ آپ سب نے جو جذبہ دکھایا ہے، وہ قابل تعریف ہے۔ مزید محنت کریں، اللہ پاک آپ کو کامیابیوں سے نوازیں گے۔انہوں نے بفہ پریمئیر لیگ کی انتظامیہ کو 1 لاکھ روپے نقد کا اعلان بھی کیا، تاکہ مقامی کھیلوں کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا جہاں گراؤنڈ آباد ہوتے ہیں، وہاں ہسپتال ویران ہوتے ہیں۔ کھیل نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرتے ہیں اور معاشرے سے منفی رویوں کو ختم کرتے ہیں. ٹورنمنٹ میں مقامی نوجوانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ تماشائیوں نے کھیل کے دوران پرجوش ماحول بنایا۔ منتظمین نے کھلاڑیوں کے لیے بہترین سہولیات فراہم کیں۔ بفہ پریمئیر لیگ کی انتظامیہ نے احسان خان اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور وعدہ کیا کہ آنے والے ٹورنمنٹس میں مزید بہتری لائی جائے گی۔
