تھانہ لوندخوڑ میں ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل (ڈی آر سی) کے نئے دفتر کا افتتاح ریجنل پولیس آفیسر مردان جواد قمر (ستارہ شجاعت، کیو پی ایم) نے کر دیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مردان ظہور بابر آفریدی، ایس پی صدر ڈویژن انعام جان خان، دیگر پولیس افسران، ڈی آر سی چیئرمین اور ممبران بھی موجود تھے۔ افتتاحی تقریب کے دوران آر پی او مردان ریجن جواد قمر نے نومنتخب ڈی آر سی کابینہ سے حلف بھی لیا اور ان پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل کے حل میں غیر جانبداری، دیانت داری اور شفافیت کو یقینی بنائیں۔
ریجنل پولیس آفیسر مردان جواد قمر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل عوامی تنازعات کے حل کا ایک مؤثر فورم ہے، جس کے ذریعے تھانوں اور عدالتوں پر بوجھ کم ہو رہا ہے اور شہریوں کو بروقت انصاف مل رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈی آر سی اپنی کردار اور خدمات کی بدولت آج ایک ناگزیر ضرورت بن چکی ہے۔ ڈی آر سی ممبران کی کاوشوں سے قتل مقاتلوں کی پرانی دشمنیاں اور دیگر سنگین نوعیت کے تنازعات خوش اسلوبی سے حل ہو رہے ہیں، جو نہ صرف علاقائی امن و امان کے ضامن ہیں بلکہ فریقین کے مابین صلح سے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی بھی حاصل ہوتی ہے۔
ڈی پی او مردان ظہور بابر آفریدی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ڈی آر سی کمیٹیاں پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کی فضا قائم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں، اور اس فورم کے ذریعے چھوٹے چھوٹے تنازعات مقامی سطح پر مشاورت سے حل ہو رہے ہیں۔ شرکاء نے بھی ڈی آر سی دفتر کے قیام اور نومنتخب کابینہ کی تشکیل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے عوامی مسائل کے حل میں مزید تیزی آئے گی