مردان نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ اور محکمہ جیل خانہ جات کے اشتراک سے سنٹرل جیل مردان میں قیدیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے تیسرے خواندگی سنٹر کا باقاعدہ افتتاح جیل سپرنٹنڈنٹ نجم حسین عباسی نے کیا۔ اس موقع پر این سی ایچ ڈی کے ڈپٹی ڈائریکٹرلعل محمد خان طورو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد آیاز، ڈاکٹر محمد علی،ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ رضوان شاہ خان اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ سنگین خان بھی موجود تھے۔افتتاحی تقریب کے دوران، جیل میں موجود ناخواندہ قیدیوں میں کتابیں، کاپیاں اور دیگر تعلیمی مواد تقسیم کیا گیا تاکہ وہ اپنی تعلیم کا آغاز کر سکیں۔ جیل سپرنٹنڈنٹ نجم حسین عباسی نے این سی ایچ ڈی انتظامیہ کی جانب سے قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے اقدامات اور ان کی تعلیم میں مدد دینے کے لیے کیے گئے تعاون کو سراہا۔اس خواندگی سنٹرکے قیام کا مقصد قیدیوں کو تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی قید کے دوران نہ صرف تعلیمی لحاظ سے بہتر ہوں بلکہ معاشرتی زندگی میں بھی فعال کردار ادا کر سکیں۔