مردان گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول بغدادہ مردان میں سالانہ فوڈ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن مردان کے چیئرمین اور فضل حق کالج مردان کے پرنسپل پروفیسر جہانزیب اس موقع مہمان خصوصی تھے۔ مہمان خصوصی پروفیسر جہانزیب نے سکول کے پرنسپل اشرف علی کے ہمراہ فیتہ اور پھر کیک کاٹ کر فوڈ فیسٹیول کا باضابطہ افتتاح کیا۔ فوڈ میلے میں 25 سٹال لگانے گئے تھے جن میں قابل ذکر پاستہ’گول گپے’بریانی’چارسدہ چاول’چکن تکہ’چنا چاول’سوپ’فروٹ چاٹ’کھیر’دھی بھلے’چکن چپلی کباب’کابلی پلاؤ’کچالو’پکوڑے’سموسے اور قہوے کے سٹال تھے۔ قرب و جوار کے سرکاری اور پرائیوٹ سکولوں کے طلباء نے کثیر تعداد میں اس پروگرام میں شرکت کی۔ مہمان خصوصی پروفیسر جہانزیب نے طلبہ اور اساتذہ کرام کی اس کاوش کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم سرکاری سکولوں میں طلبہ کی دلچسپی کے حامل سرگرمیوں کا باقاعدہ انعقاد کرلیا کریں تاکہ طلبہ سکول کو ایک ذہنی’معاشرتی اور جسمانی نشوونما کے ایک مرکز کے طور پر دیکھیں، اس پر اعتماد کریں اور اس میں زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں۔ مہمان خصوصی نے مزید کہا کہ طلبہ کی ہمہ جہت ترقی ہر تعلیمی ادارے کا مطمع نظر ہونا چاہئے۔ یہاں پر یہ بات قابل ذکر ہے کہ پروفیسر جہانزیب نے مردان بورڈ کے چیئرمین کا چارج سنبھال لینے کے بعد گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول بغدادہ مردان کو باقاعدہ طور پر (Adopt) اپنی نگرانی میں لیا اور گاہے بگاہے سکول کی سرگرمیوں میں اپنا حصہ ڈالنا شروع کیا ہے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ سکول کی مستقبل کی ضروریات پوری کرنے میں اپنا کردار بھرپور کردار ادا کریں گے۔
