Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Friday, September 19, 2025

مردان پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاؤن

 ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مردان ظہور بابر آفریدی کی زیرِ صدارت کرائم کنٹرول میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ایس پی انوسٹی گیشن نثار خان، تمام ڈویژنل ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ میٹنگ میں جرائم کے خاتمے، عوامی مسائل کے فوری حل اور سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ ڈی پی او مردان نے واضح کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور کسی بھی صورت میں رعایت نہیں دی جائے گی۔ ویزہ مافیا جو معصوم شہریوں کو بیرونِ ملک روزگار کے جھوٹے خواب دکھا کر لوٹتے ہیں، ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ اسلحہ کی نمائش، سود اور کالے دھندے ہرگز برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ شریف شہریوں کو عزت دی جائے گی جبکہ جرائم پیشہ کو قانون کے مطابق سختی سے کچلا جائے گا۔

عوامی شکایات کے حل کے لیے ہر ایس ایچ او روزانہ 2 گھنٹے تھانے میں موجود رہے گا۔ تھانوں اور بینکوں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے اور حساس مقامات پر پولیس کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ دوسرے اضلاع کے ساتھ قریبی کوآرڈینیشن کے ذریعے سنگین جرائم میں کمی لائی جائے گی۔ منشیات فروشوں، قبضہ مافیا اور اشتہاری مجرمان کے خلاف ٹارگٹڈ ریڈز کیے جائیں گے۔ ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کے لیے بھی مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ڈی پی او مردان نے کہا کہ پولیس فورس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت سرگرم ہے اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ضلع مردان کو جرائم سے پاک، پرامن اور محفوظ بنایا جا سکے۔

مردان پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاؤن

Shopping Basket