ضلعی انتظامیہ مردان کے زیر اہتمام بھارتی جارحیت کے خلاف مسلح افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئےریلی نکالی گئی۔ جس میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ ریلی میں معاشرے کے مختلف طبقات بشمول تاجر برادری، چیمبر آف کامرس, سرکاری افسران و اہلکاروں ،وکلاء، اساتذہ و طلباء، سیاسی و سماجی شخصیات، پریس کلب کے میڈیا نمائندگان اور عوام نے پرجوش شرکت کی۔ ریلی کی قیادت کمشنر مردان ڈویژن نثار احمد، ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر اور ڈی پی او ظہور بابر آفریدی نے کی جبکہ اس سے مرکزی تنظیم تاجران کے صدر احسان باچہ، سابق صوبائی وزیر فضل ربانی ایڈوکیٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر مردان ڈویژن نثار احمد نے پاکستانی سرزمین پر بھارتی جارحیت اور سولین آبادی پر وحشیانہ کاروائیوں کی مذمت کی اور مسلح افواج کو یقین دلایا کہ مردان کے عوام ہر حال میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر نے کہا کہ پاکستان کے 24 کروڑ عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ ملک کی دفاع کیلئے تیار ہیں اور وطن عزیز کے خلاف کسی بھی جارحیت کا توڑ کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر شہداء کے بلندی درجات کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
