22 اپریل 2025 کو میران شاہ، شمالی وزیرستان میں میڈیا کے کردار، درپیش چیلنجز اور ان کے حل کے موضوع پر میڈیا سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار میں ممتاز صحافی حضرات بشمول ارشد عزیز ملک، حسن خان، عقیل یوسفزئی اور افتخار فردوس کے علاوہ بڑی تعداد میں مقامی صحافیوں، معززین اور نوجوانان نے شرکت کی۔ دو سیشنز پر مشتمل سیمینار میں امن و استحکام، فیک نیوز، رپورٹنگ کے مسائل اور سوشل میڈیا کے چیلنجز پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ سوال و جواب کے سیشن کو حاضرین کے معلوماتی سوالات اور مہمان سپیکرز کے مفصل جوابات نے مزید نتیجہ خیز بنا دیا۔
جی او سی میران شاہ، میجر جنرل عادل افتخار نے بطور مہمان خصوصی سیمینار میں شرکت کی- شرکاء نے میڈیا سیمینار کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے سیمینارز سے علاقے کے مسائل اجاگر اور میڈیا کے مثبت کردار کو فروغ ملتا ہے- مہمان خصوصی نے شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قیام امن کیلئے سیکورٹی فورسز اور میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ شرکاء نے سیمینار کے کامیاب انعقاد پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور اسے میڈیا سے متعلق امور کیلئے سنگ میل قرار دیا ۔