مہمند (نامہ نگار) ضلع مہمند کے علاقے غلنئی میں ایف سی ماڈل سکول میں مہمند رائفلز، فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا نارتھ کے زیر اہتمام ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ منعقد ہوا۔ کیمپ کا مقصد مقامی آبادی کو معیاری علاج اور صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا تھا۔ کیمپ میں مختلف شعبہ جات کے ماہر ڈاکٹروں نے شرکت کی، جن میں نیورولوجسٹ، سرجن، گائناکالوجسٹ، ماہرِ امراضِ اطفال، ماہرِ نفسیات، ماہرِ امراضِ چشم، فزیوتھراپسٹ، فیملی فزیشن اور ڈینٹسٹ شامل تھے۔ ڈاکٹروں نے مریضوں کا معائنہ کیا، لیبارٹری ٹیسٹ کیے اور مفت ادویات فراہم کیں۔ کیمپ میں مجموعی طور پر 1,268 مریضوں کا علاج کیا گیا، جن میں 490 مرد، 452 خواتین اور 326 بچے شامل تھے۔ اس موقع پر عوام کو صحت و صفائی، احتیاطی تدابیر اور عام بیماریوں سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی بھی دی گئی۔ کیمپ کے انعقاد کا مقصد نہ صرف عام صحت کے مسائل میں کمی لانا تھا بلکہ مقامی سطح پر صفائی، احتیاطی علاج اور صحت مند طرزِ زندگی کے بارے میں شعور اجاگر کرنا بھی تھا۔ مقامی لوگوں نے پاک فوج اور ایف سی کے اس فلاحی اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے میڈیکل کیمپس عوامی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ فوج اور عوام کے درمیان اعتماد و محبت کے رشتے کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔


