پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان کی زیر صدارت ضلع چارسدہ میں پختونخوا انرجی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (پیڈو) کے تحت مساجد اور مدارس کی سولرائزیشن سے متعلق ایک اہم اجلاس بدھ کے روز پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پیڈو کے پراجیکٹ ڈائریکٹر سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
بریفنگ کے دوران پراجیکٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ ضلع چارسدہ میں پہلے مرحلے کے تمام سولرائزیشن منصوبے مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ گزشتہ حکومت کے دوران ادھورے رہ جانے والے 10 منصوبے بھی جلد مکمل کر دیے جائیں گے۔
مزید بتایا گیا کہ نئے منصوبوں میں 30 مساجد اور 10 مدارس کی سولرائزیشن کی منظوری دے دی گئی ہے، جن کی تکمیل کے لیے صرف کنٹریکٹر کی ہائرنگ باقی ہے۔ اجلاس کو یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ ضلع چارسدہ میں سرکاری اور نجی یتیم خانوں کی سولرائزیشن بھی نئے منصوبے کا حصہ ہے، جبکہ محکمہ سماجی بہبود کے زیر انتظام لنگر خانے، سرکاری کالجز، اسکولز، بی ایچ یوز اور ہسپتالوں کو بھی مرحلہ وار شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر فضل شکور خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام سولرائزیشن منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی سہولت اور متبادل توانائی کے فروغ کے لیے سولرائزیشن پروگرام نہایت اہم ہے، لہٰذا اس میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔


