Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Friday, January 23, 2026

قومی پیغامِ امن کمیٹی کے وفد کی گورنر ہاؤس پشاور آمد

قومی پیغامِ امن کمیٹی کے وفد نے مولانا طاہر محمود اشرفی کی قیادت میں گورنر ہاؤس پشاور کا دورہ کیا اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران علماء کرام پر مشتمل وفد نے صوبے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنے بھرپور کردار اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وفد نے بتایا کہ قومی پیغامِ امن کمیٹی نے ملک میں اپنا پہلا دورہ خیبرپختونخوا سے شروع کیا ہے۔

وفد نے واضح کیا کہ فتنہ الخوارج سمیت ہر قسم کے فتنوں اور دہشتگردوں کے خلاف تمام مکاتبِ فکر کے علماء اپنی ریاست، عوام اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ علماء نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بے گناہ شہریوں، پولیس اور مسلح افواج کا خون بہانے والے نہ تو مسلمان ہیں اور نہ ہی ان کا اسلام سے کوئی تعلق ہے۔ وفد کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے دہشتگردی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور آج ایک بار پھر اتحادِ امت کے ذریعے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے قومی پیغامِ امن کمیٹی کے وفد کا پشاور کا پہلا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ علماء کرام کے تعاون اور عوامی طاقت سے صوبے میں دہشتگردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے میں اس کمیٹی کا کردار نہایت اہم ہے، جبکہ علماء اور مذہبی شخصیات معاشرے میں باوقار مقام رکھتی ہیں۔

گورنر نے کہا کہ پڑوسی ملک افغانستان کی سرزمین سے خیبرپختونخوا اور پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، جس کے تناظر میں موجودہ حالات میں علاقائی، لسانی اور فرقہ وارانہ نفرت کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پیغامِ پاکستان پر عمل کرتے ہوئے اتحاد، برداشت اور جذبات پر قابو رکھنا ہوگا تاکہ دشمن ہماری صفوں میں دراڑ نہ ڈال سکے اور معاشرتی اقدار کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

قومی پیغامِ امن کمیٹی کے وفد کی گورنر ہاؤس پشاور آمد

Shopping Basket