Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Thursday, March 12, 2026

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ: پشاور اور کراچی وائٹس کا میچ بارش کے باعث بے نتیجہ

اے بی ایس ڈویلپرز نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے پانچویں روز کھیلے گئے مقابلوں میں فیصل آباد ریجن نے اپنی پہلی کامیابی حاصل کر لی، جبکہ پشاور ریجن اور کراچی ریجن وائٹس کے درمیان میچ بارش کے باعث بغیر نتیجہ ختم ہوگیا، جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

پہلے میچ میں بہاولپور ریجن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 158 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بہاولپور کی جانب سے اوپننگ بلے باز محمد فیضان ظفر نے 27 گیندوں پر چار چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 36 رنز بنائے۔ بعد ازاں دانیال حسین راجپوت اور محمد سرور آفریدی نے 91 کے مجموعی اسکور پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد بالترتیب 25 اور 22 رنز کا اضافہ کیا۔

فیصل آباد ریجن کی جانب سے فاسٹ باؤلر زمان خان نے 3.5 اوورز میں 30 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ مومن قمر اور آفاق آفریدی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں فیصل آباد کی ٹیم نے ابتدائی دو وکٹیں جلد گرنے کے باوجود اوپننگ بلے باز عتیق الرحمن کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ہدف حاصل کر لیا۔ عتیق الرحمن نے 51 گیندوں پر 15 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 94 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور ٹیم کو فتح دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے محمد اویس ظفر کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 91 رنز کی اہم شراکت بھی قائم کی۔

میچ کے اختتامی لمحات میں آصف علی اور محمد عرفان خان نے ایک ایک چھکا لگا کر بالترتیب 14 اور 11 رنز ناٹ آؤٹ بنائے اور ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ بہاولپور کی جانب سے محمد باسط نے چار اوورز میں 23 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ ٹورنامنٹ کی پوائنٹس ٹیبل کے مطابق گروپ اے میں کراچی وائٹس تین میچوں میں دو فتوحات کے ساتھ پانچ پوائنٹس حاصل کر کے سرفہرست ہے، جبکہ لاہور وائٹس دو میچوں میں دو کامیابیوں کے ساتھ چار پوائنٹس لے کر دوسرے نمبر پر ہے۔ فیصل آباد ریجن نے تین میچوں میں دو پوائنٹس حاصل کیے ہیں جبکہ پشاور ریجن کے دو میچوں میں ایک پوائنٹ ہے۔ ٹورنامنٹ میں جمعرات کو گروپ بی کے میچز میں سیالکوٹ ریجن کا مقابلہ لاہور بلوز سے ہوگا جبکہ کراچی بلوز کی ٹیم ملتان ریجن کے مدِ مقابل آئے گی۔ واضح رہے کہ دونوں گروپس سے سرفہرست دو، دو ٹیمیں سیمی فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ: پشاور اور کراچی وائٹس کا میچ بارش کے باعث بے نتیجہ

Shopping Basket