ملک میں دیرپا امن و استحکام کے قیام کیلئے خیبرپختونخوا کے خارجی فتنے سے متاثرہ علاقوں میں آپریشن بدر کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس آپریشن کا مقصد دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم کرنا، سرحدوں کو محفوظ بنانا اور عوام میں دہشت گردی کے خلاف شعور اجاگر کرنا ہے۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بھرپور کارروائی کی جا رہی ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کو ان کی کمین گاہوں سے نکال کر انجام تک پہنچایا جا سکے۔ سرحدوں پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ بیرونی دشمنوں کی دراندازی اور سازشوں کو ناکام بنایا جا سکے۔ یہ آپریشن دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا اور اس کی کامیابی کے بعد ملک میں امن، ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ حکام کے مطابق، عوام کو بھی اس حوالے سے مکمل طور پر آگاہ کیا جا رہا ہے تاکہ وہ کسی بھی شدت پسند نظریے کا شکار نہ ہوں اور قومی یکجہتی کو فروغ دیا جا سکے۔ آپریشن بدر پاکستان میں دہشت گردوں کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ اب ملک میں دہشت گردی کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ یہ آپریشن دہشت گردوں کے خلاف ایک فیصلہ کن کارروائی ثابت ہوگا اور ملک میں مستقل امن و استحکام کی راہ ہموار کرے گا۔
