Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Tuesday, December 2, 2025

نوٹیفکیشن سے متعلق اہم تجزیہ کاروں کی آراء

عقیل یوسفزئی
ملک کے اہم صحافیوں اور تجزیہ کاروں نے پی ٹی آئی اور اس کے میڈیا سپورٹرز کی جانب سے پاک فوج سے متعلق نوٹیفکیشن کے معاملے کو بڑا ایشو بنانے پر مختلف نوعیت کے تبصرے کیے ہیں ۔ نامور صحافی عمر چیمہ نے کہا ہے کہ اس معاملے کو غیر ضروری طور پر اچھالنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ نہ تو اس معاملے پر وفاقی حکومت اور عسکری قیادت کے درمیان کوئی اختلاف رائے ہے اور نہ ہی ملٹری اسٹبلشمنٹ کے درمیان جاری مہم جوئی کے برعکس اختلافات کی خبروں میں کوئی حقیقت ہے ۔ اصل حقیقت تو یہ ہے کہ وفاقی حکومت اور عسکری قیادت کے درمیان پہلے سے بھی زیادہ مثالی تعلقات قائم ہیں اور بہت جلد بہت اہتمام کے ساتھ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نئے عہدے کا چارج بھی سنبھال لیں گے ۔
سینئر صحافی مزمل سہروردی کے بقول سب کچھ نارمل ہیں اور اگر حکومتی حلقے بروقت وضاحت کرتے تو ابہام کی صورت حال نہیں بنتی ۔انہوں نے مزید بتایا کہ اگر پی ٹی آئی نے منگل کے احتجاج کے دوران تشدد کا راستہ اختیار کیا تو اس کے ردعمل میں نہ صرف یہ کہ عمران خان کو اڈیالہ سے بلوچستان کی کسی جیل میں منتقل کرنے کا اقدام اٹھایا جائے گا بلکہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج نافذ کرکے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کا خاتمہ بھی کردیا جائے گا ۔
پشاور کے معروف صحافی ارشد عزیز ملک نے اپنے ایک تبصرے میں پی ٹی آئی کے رویے کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی فوج سے متعلق اس پارٹی کی پروپیگنڈا مہم نے اسے مزید نقصان پہنچایا ہے حالانکہ یہ بات سب کو معلوم ہے کہ پاکستان کی فوج ایک انتہائی منظم عسکری طاقت ہے اور اس میں مزاحمت یا مخالفت کی اس سے قبل کوئی مثال نہیں ملتی ۔ ان کے بقول باہر بھیٹے چند ریاست مخالف یوٹیوبرز نہ صرف جھوٹ پر جھوٹ بولتے آرہے ہیں بلکہ انہوں نے پی ٹی آئی کو بھی یرغمال بنادیا ہے ۔
تجزیہ کار حماد حسن کے مطابق اگر پاکستان کی فوج میں ایسی کسی مزاحمت کی گنجائش ہوتی تو نو دس مئی کے واقعات کے بعد کچھ ہوجاتا مگر عملاً ہوا یہ کہ دو کور کمانڈرز کو کھڈے لائن لگادیا گیا ۔
اپنے تبصرے میں ان کا کہنا تھا پاکستانی فوج کے انتظامی ڈھانچے کے اندر کوئی آرمی چیف کی مخالفت کا تصور بھی نہیں کرسکتا اس لیے جاری پروپیگنڈے کا حقائق کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی ایک مجوزہ نوٹیفکیشن کے معاملے پر حکومت کو کوئی مسئلہ درپیش ہے ۔

نوٹیفکیشن سے متعلق اہم تجزیہ کاروں کی آراء

Shopping Basket