کے ایم یو میں سیرت النبیﷺ پرعلمی نشست اور نمائش کاانعقاد

خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو)پشاور میں سیرت النبیﷺ پر ایک علمی و فکری نشست منعقد ہوئی جس میں اسلامی اقدار کے فروغ اور طلبہ کی جذباتی و روحانی تربیت کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور البُرہان کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پربھی دستخط کیے گئےجس کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔ اس معاہدے کا بنیادی مقصد اسلامی اقدار کی ترویج، سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی روشنی میں اخلاقی ترقی اور طلبہ کی جذباتی استحکام کو یقینی بنانا ہے۔مفاہمتی یادداشت پر کے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق اور البرہان کے سربراہ مفتی عدنان کاکاخیل نے اپنے اپنے اداروں کی جانب سے دستخط کیئے۔ واضح رہے کہ البُرہان ایک نمایاں علمی، اخلاقی اور اسلامی ادارہ ہےجسے معروف عالم دین مفتی سید عدنان کاکا خیل نے 2016 میں قائم کیاتھا۔ اس ادارے کا بنیادی مقصد تعلیم، تزکیہ نفس، اخلاقی اصلاح اور خدمت خلق ہے۔ البُرہان مختلف تعلیمی اور تربیتی شعبے چلاتا ہے جن میں مجلسِ تعلیم، مجلسِ سیرت، مجلسِ شباب اور مجلسِ علماء شامل ہیں۔ ادارے کی پاکستان کے 15 شہروں میں شاخیں موجود ہیں جہاں ایک سالہ اسلامیات کورس، اعلیٰ درجے کے کورسز، درسِ نظامی اور مختلف دینی و اصلاحی تربیتی نشستیں کامیابی سے منعقد کی جاتی ہیں۔ بعد ازاں یونیورسٹی کے ڈاکٹر حفیظ اللہ ہال میں طلباء،اساتذہ اور ایڈمن سٹاف کی ایک بڑی تعداد سے بطورمہمان مقرر سیرت النبیﷺ پرخطاب میں معروف اسلامی اسکالر مفتی سید عدنان کاکا خیل نے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں موجودہ دور کے چیلنجز پر گفتگو کی اور طلبہ کو زندگی کے مختلف پہلوؤں میں دینی اصولوں کو اپنانے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم تمام انسانیت کے لیے بہترین نمونہ ہیں اور آپ کی سیرت ہر طبقے کے افراد کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے مغربی معاشروں کے حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہاں دین کو ترک کر دیا گیا ہے اور ذاتی خواہشات کو اجتماعی اخلاقی و روحانی اقدار پر ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام محض چند عبادات یا رسومات کا مجموعہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک مکمل ضابطہ حیات ہے۔ انہوں نے قرآن کریم کی آیت “ادخلوا فی السلم کافة” (البقرہ: 208) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا و آخرت کی کامیابی کے لیے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے اصولوں کو اپنانا ناگزیر ہے۔ مفتی سید عدنان کاکا خیل نے کہا کہ طب ایک مقدس پیشہ ہے اور اس کے ذریعے انسانیت کی بے لوث خدمت کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ صرف جسمانی علاج تک محدود نہ رہیں بلکہ روحانی رہنمائی میں بھی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ لوگ طبی ماہرین کی باتوں کو خصوصی توجہ سے سنتے ہیں اس لیے ڈاکٹر معاشرتی اصلاح اور دینی اقدار کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اگر یہ پیشہ محض مالی منفعت کے لیے اختیار کیا جائے تو یہ دنیا اور آخرت میں مشکلات کا سبب بن سکتا ہےلیکن اگر خدمتِ خلق کی نیت سے اپنایا جائے تو یہ دائمی کامیابی اور اجر کا ذریعہ بن سکتا ہے۔دریں اثناء یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے کہاہے کہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور البُرہان کے درمیان ہونے والے اس معاہدے کا بنیادی مقصد طلبہ اور اساتذہ کو دین کی صحیح تفہیم فراہم کرنا، اسلامی تعلیمات کو عملی زندگی میں نافذ کرنے کی ترغیب دینا اور سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی روشنی میں جذباتی و روحانی نشوونما کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت کے ایم یو میں مختلف تعلیمی، اصلاحی اور فکری نشستوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ طلبہ کو دینی اور دنیاوی علوم میں توازن قائم رکھنے کی رہنمائی فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس شراکت داری سے کے ایم یو کے طلبہ اور اساتذہ بھرپور فائدہ اٹھائیں گےاور وہ اپنے علم، اخلاق اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید نکھاریں گے اور معاشرے کی بہتری میں ایک تعمیری کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر یونویورسٹی میں سیرت النبیﷺ سے متعلق مختلف سٹالز بھی لگائے تھے جس میں طلباء نے خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بڑی تعداد میں شرکت کی۔#

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket