سرحدیونیورسٹی مردان میں رضاکاروں کے عالمی دن کے موقع پر نیشنل کمیشن فارہیومن ڈویلپمنٹ (این سی ایچ ڈی) اور ڈسٹرکٹ یوتھ آفس مردان کے اشتراک سے ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیاہے۔ سیمینار میں رضا کاروں کی خدمات کا اعتراف اور اہمیت کو اُجاگر کرنے کیعلاوہ اُن کی بے لوث خدمات کو خراج ِتحسین پیش کیا گیا۔ مہمان ِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر مردان کامران خان تھے اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر عثمان خان، ڈائریکٹر سرحد یونیورسٹی محمد نصیر آفریدی، ڈپٹی ڈائریکٹر این سی ایچ ڈی لعل محمد طورو،اسسٹنٹ ڈایکٹرز این سی ایچ ڈی ڈاکٹر محمد علی،عابد ہوتی،جمال اصغر اور محمد آیاز اور دیگر نے بھی خطاب کی،سیمینار ادارے کے ممبران سمیت طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہو ئے سسٹنٹ کمشنر مردان کامران خان نے کہا کہ حالیہ دور میں انسانیت کی خدمت کے جذبیکو فروغ دینا بہت ضروری ہے، رضا کارانہ خدمات سر انجام دینے والے لوگ اللہ تعالی کی طرف سے رحمت بن کر آتے ہیں جو تمام عمر بغیر کسی لالچ کے انسانیت کی خدمت کرتے ہیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر این سی ایچ ڈی لعل محمد طورو نے کہا کہ رضاکار ہمارے معاشرے کا وہ اثاثہ ہیں جو بلامعاوضہ بغیر کسی لالچ اور طمع کے معاشرے کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنا اپنا اولین فرض سمجھتے ہیں کیونکہ ان کی خدمات جذبہ ہائے حب الوطنی اور جذبہ ہائے انسانیت سے سرشارہوتی ہیں۔سیمینار کے اختتام پر رضاکارانہ خدمات پیش کرنے والے طلباء اور گیسٹ سپیکرز کو اعزازی سرٹیفکیٹس دئیے گئے۔
