پیراپلیجک سنٹر پشاور کے زیراہتمام کلب فٹ بچوں کے علاج پر کامیاب تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

پیر اپلیجک سینٹر پشاور کے زیراہتمام دو روزہ اے سی ٹی بیسک کلب فٹ ٹریٹمنٹ پرووائیڈر ورکشاپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ مجموعی طور پر 8 طبی ماہرین کو جامع تربیت دی گئی جن میں 5 نئے ڈاکٹروں اور فزیو تھرآپسٹس کا تعلق ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال ہری پور اور 3 کا پیر اپلیجک سینٹر پشاور سے تھا۔ اس تربیت پروگرام کا مقصد طبی ماہرین کی مہارت میں اضافہ کرنا ہے تاکہ کلب فٹ عارضہ کے شکار بچوں کا بالکل مفت مگر اعلیٰ معیار کا علاج کیا جا سکے۔ پیراپلیجک سینٹر پشاور کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر سید محمد الیاس نے سنٹر کے سی پی ایم آر سیمینار ہال میں منعقدہ سادہ مگر پروقار تقریب میں تربیتی کورس مکمل کرنے والے شرکاء کو اسناد دیئے۔ انہوں نے فارغ التحصیل ماہرین کے سیکھنے کی لگن کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ ہری پور میں نئے قائم کردہ کلب فٹ کلینک میں متاثرہ بچوں کا سو فیصد مفت اور مؤثر علاج یقینی بنائیں گے۔ ڈاکٹر الیاس سید کا کہنا تھا کہ حالیہ اقدام پیراپلیجک سینٹر پشاور اور میریکل فیٹ کے وسیع تر ملک گیر مشترکہ تعاون کا حصہ ہے جس کا مقصد ضلع ہری پور اور اس کے گرد و نواح میں کلب فٹ کلینک کے ذریعے مفت علاج کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام کو پہلے ہی خیبرپختونخوا کے بڑے شہروں بشمول پشاور، ایبٹ آباد، سوات اور صوابی کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور مظفرآباد (آزاد کشمیر) میں کامیابی سے متعارف کرایا جا چکا ہے جبکہ مستقبل میں اسے ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور ضم شدہ اضلاع تک توسیع دینے کا منصوبہ ہے۔ ڈاکٹر عامر زیب، صوبائی کوآرڈینیٹر کلب فٹ پروگرام اور نمائندہ پیر اپلیجک سینٹر پشاور نے تربیتی ورکشاپ کے دوران بتایا کہ ہم کلب فٹ کے شکار بچوں کے جامع علاج کیلئے پرعزم ہیں اور یہ تربیتی ورکشاپ ہمارے وسیع تر مشن کا اہم قدم ہے۔ ہم میریکل فیٹ کے تعاون کے شکر گزار ہیں اور اس شراکت کو جاری رکھتے ہوئے بچوں اور انکے اہل خانہ کی زندگی بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیراپلیجک سینٹر پشاور اور میریکل فیٹ کا مشترکہ وژن ہے کہ کلب فٹ کے شکار ہر بچے کا بروقت اور معیاری علاج یقینی بنایا جائے۔ حالیہ اقدام کے ذریعے اس مشترکہ مشن کا اہم سنگ میل عبور کیا گیا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اے سی ٹی (افریقہ کلب فٹ ٹریننگ) پروگرام بنیادی سطح کا تربیتی پروگرام ہے جو سب صحارا افریقہ میں کلب فٹ کے علاج کے نظام کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ 2015 سے 2017 کے دوران اس پروگرام کے ذریعے 18 ممالک میں نئے قومی سطح کے ٹرینرز کو تربیت دی گئی جس سے شراکت داری کو فروغ دینے اور علاج کے نتائج کو بہتر بنانے میں مدد ملی۔ افریقہ کلب فٹ ٹریننگ پروگرام کو تین تدریجی مراحل میں ترتیب دیا گیا ہے جن میں بیسک کلب فٹ ٹریٹمنٹ پرووائیڈر کورس، ایڈوانسڈ کلب فٹ ٹریٹمنٹ پرووائیڈر کورس اور ٹرین دی ٹرینر (ٹی ٹی ٹی) پروگرام شامل ہیں۔ یہ تربیتی پروگرام طبی ماہرین کو پونسیٹی طریقہ کے مؤثر اطلاق کیلئے تیار کرتا ہے تاکہ ہر بچے کو بروقت اور معیاری علاج فراہم کیا جا سکے۔

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket