خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ سائنسزپشاور کے زیر اہتمام اناٹومی پر مبنی ایک انٹرایکٹو تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں اناٹومی ماڈلز کےاسٹالز کے ذریعے طلبہ کی عملی تعلیم اور شمولیت کو فروغ دینے کےلئے اقدامات کیے گئے۔ اس اقدام کا مقصد نرسنگ کے طلبہ کو تخلیقی اور تعلیمی انداز میں اناٹومی کی سمجھ بوجھ پیش کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا۔ خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے رجسٹرار انعام اللہ خان وزیر اور انسٹیٹیوٹ آف نرسنگ سائنسزکی ڈائریکٹر ڈاکٹر نجمہ ناز نے اسٹالز کا افتتاح اوردورہ کیا اور طلبہ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں طلبہ کی مہارت، اعتماد اور مجموعی تعلیمی ترقی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔اس موقع پر رجسٹرارکے ایم یو انعام اللہ خان وزیر نے تجرباتی تعلیم کی اہمیت واضح کرتے ہوئے طلبہ میں تخلیقی صلاحیت اور گہری سمجھ کو پروان چڑھانے کے لیے اسی طرح کی مزید سرگرمیوں کے انعقاد کی ضرورت پر زوردیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اصل مسئلہ انہیں مواقع فراہم کرنے کاہے۔انہوں نے کہا کہ طلباء نے آج کی نمائش میں جن تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیاہے اس سے ان کی محنت اور لگن کا پتہ چلتاہے جو ہم سب کے لیئے قابل فخر ہے۔ڈاکٹر نجمہ ناز نے بھی طلبہ کی محنت کو سراہتے ہوئے مستقبل میں مزید انٹرایکٹو تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ان سرگرمیوں کا مقصد طلباء کی پوشیدہ صلاحیتوں کو پروان چڑھاکر انہیں پیشہ ورانہ اور عملی چیلنجز کے لیئے عملاً تیار کرنا ہے ۔اناٹومی اسٹالز میں ماڈلز، چارٹس اور عملی مظاہرے شامل تھے، جنہیں طلبہ اور اساتذہ دونوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔ یہ تقریب نرسنگ اور اتحادی صحت کے شعبے میں تعلیمی جدت کو فروغ دینے کے لیے کے ایم یو کے عزم کا مظہر ثابت ہوئی۔