قومی نعت خوانی مقابلوں میں اباسین آرٹس کونسل کی خواتین کی شاندار کارکردگی
ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے اشتراک اور وزارت مذہبی امور کی معاونت سے منعقدہ 41 ویں سالانہ قومی مقابلہ نعت خوانی میں خیبر پختونخوا کی نمائندگی کرنے والی ہزارہ اباسین آرٹس کونسل کی خواتین نعت خوانوں نے شاندار
کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خواتین کی دونوں کٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
15 سال سے کم عمر بچیوں میں ایبٹ آباد کی مدیحہ دلدار اور 15 سے 25 سال کی کٹیگری میں زینب نور نے اول پوزیشن حاصل کی جبکہ 15 سال سے کم عمر بچوں میں حافظ انعام القدوس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مقابلے کا انعقاد نیشنل کونسل آف دی آرٹس آڈیٹوریم اسلام آباد میں ہوا جس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف مہمان خصوصی تھے۔ ججز کے فرائض نامور قومی ایوارڈ یافتہ نعت خوان الحاج نور محمد جلال، سید سلیمان الکونین اور سید زبیب مسعود شاہ نے انجام دیے۔
سالانہ مقابلے میں 15 سال سے کم عمر بچوں میں پہلی پوزیشن عبدالرحمن، دوسری طلحہ ہاشمی اور تیسری حافظ انعام القدوس نے حاصل کی۔ بچیوں میں مدیحہ دلدار نے اول، نور الہدی نے دوسری اور جویریہ جمشید نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ 15 سے 25 سال کی کٹیگری میں مردوں میں غلام مصطفی نے اول، صادق علی نے دوسری اور عابد گلزار نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ خواتین میں زینب نور نے اول، عریبہ شفیق دوسری اور زرینہ بی بی تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے اپنی کامیابی ہزارہ اباسین آرٹس کونسل کے روح رواں استاد حافظ جنید مصطفی، شعبہ نعت کے انچارج طاہر منیر اعوان، سکول کے اساتذہ اور والدین کی محنت کا نتیجہ قرار دیا۔ اس شاندار کارکردگی پر ہزارہ اور بالخصوص ایبٹ آباد کے عوام نے بھی ان طلبہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ قومی سطح پر کامیاب پوزیشن حاصل کرنے والوں کو نقد انعامات اور تعریفی اسناد بھی دی گئیں۔