Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Tuesday, October 14, 2025

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار

نوشہرہ، کرک، مہمند، چارسدہ، ہنگو، ایبٹ آباد اور دیگر اضلاع میں آج عوامی ریلیاں اور واک نکالی گئیں جن میں مقامی انتظامیہ، تاجربری، صحافی، سول سوسائٹی، قبائلی عمائدین اور عام شہریوں نے بھرپور شرکت کی اور پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

نوشہرہ میں واک ڈپٹی کمشنر آفس سے شروع ہو کر ASC اسکول کے گیٹ کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج زندہ باد” کے نعرے لگائے اور کہا کہ ہم اپنی فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ملک کی دفاع کے لیے ہر محاذ پر لڑنے اور قربانی کے لیے تیار ہیں۔

کرک میں سول سوسائٹی کی ریلی ڈپٹی کمشنر آفس سے تحصیل چوک تک نکالی گئی جس میں بڑی تعداد میں شہری شریک رہے۔ مظاہرین نے افغان مہاجرین کی فوری ملک بدری کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ 40 سال تک مہمان نوازی کے باوجود بعض عناصر نے ملک کے خلاف حملے کیے ہیں، اس کا جواب دیا جائے۔ شرکاء نے شہداء کے لیے فاتحہ بھی پڑھی۔

مہمند میں عمائدین، تاجر اور سول سوسائٹی کے ارکان نے ریلی نکالی اور افغان حملوں کی مذمت کی۔ مقررین نے کہا کہ افغانستان میں موجود بعض عناصر یا بیرونی قوتوں بالخصوص بھارت کی ایما پر پاک وطن کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ قبائلی عوام نے افواجِ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کیا۔

چارسدہ، ٹنگی اور ہنگو میں بھی ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جن میں ضلعی انتظامیہ کے عہدیداروں نے شرکت کی اور شرکاء نے سرحدی خلاف ورزیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ لنڈی کوتل بازار میں منعقدہ ریلی میں شرکاء نے کہا کہ وہ امن چاہتے ہیں مگر ملک کی سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے گا؛ اور تجارتی راستوں بالخصوص طورخم بارڈر کو جلد از جلد کھولنے کا مطالبہ بھی دہرایا گیا۔

تمام ریلیوں کے اختتام پر ملک و فوج کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔ منتظمین کا کہنا تھا کہ یہ مظاہرے پرامن تھے اور ان کا پیغام واضح ہے: خیبرپختونخوا کے عوام اپنی افواج کے ساتھ متحد ہیں اور سرحدی سلامتی کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات کی توقع رکھتے ہیں۔

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار

Shopping Basket