Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Wednesday, October 1, 2025

وائٹ ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ٹرمپ کی ملاقات، آرمی چیف بھی شریک

واشنگٹن ڈی سی (25 ستمبر) – وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان جمعرات کو وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات ایک گھنٹہ 20 منٹ تک جاری رہی جس میں دو طرفہ تعلقات، باہمی مفادات اور علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو نے بھی شرکت کی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملاقات سے قبل وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان اور مسلح افواج کے سربراہ کے آنے کا پرجوش انداز میں ذکر کیا اور دونوں رہنماؤں کو بہترین شخصیات قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ “پاکستان کے عظیم رہنما شہباز شریف اور مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات ہونے جا رہی ہے، یہ دونوں غیر معمولی شخصیات ہیں۔”

اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف اینڈریو ایئربیس پہنچے تو امریکی ایئر فورس کے اعلیٰ عہدیدار نے ریڈ کارپٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ بعد ازاں وزیراعظم کا موٹرکیڈ سخت سیکیورٹی حصار میں ایئربیس سے وائٹ ہاؤس روانہ ہوا۔

وزیر اعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود ہیں جہاں وہ آج عالمی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز عرب اسلامی سربراہی کانفرنس کے موقع پر بھی ان کی صدر ٹرمپ سے ملاقات ہوئی تھی۔

وائٹ ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ٹرمپ کی ملاقات، آرمی چیف بھی شریک

Shopping Basket