پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ نیشنز کپ 2025 میں شرکت کے لیے ملائیشیا پہنچ گئی ہے۔ یہ بین الاقوامی ایونٹ ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں 15 جون سے 21 جون تک منعقد ہوگا۔
پاکستان ہاکی ٹیم ٹورنامنٹ میں پول “بی” میں شامل ہے جہاں اس کا مقابلہ جاپان، ملائیشیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں سے ہوگا۔ قومی ٹیم اپنا پہلا میچ 15 جون کو میزبان ملائیشیا کے خلاف کھیلے گی، دوسرا میچ 16 جون کو جاپان جبکہ تیسرا میچ 18 جون کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہوگا۔
ایونٹ کے سیمی فائنلز 20 جون کو ہوں گے اور فائنل 21 جون کو کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم ایف آئی ایچ پرو لیگ میں شرکت کی حقدار بنے گی، جو ہاکی کی دنیا کا ایک اہم بین الاقوامی ایونٹ ہے۔
پول “اے” میں فرانس، کوریا، ویلز اور جنوبی افریقہ شامل ہیں، جن کے درمیان بھی سخت مقابلے متوقع ہیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق ٹیم نے بھرپور تیاری کے ساتھ ٹورنامنٹ میں شرکت کی ہے اور شائقین کو امید ہے کہ قومی ٹیم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح حاصل کرے گی۔