Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Wednesday, April 8, 2026

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد کا آبنائے ہرمز سے متعلق قرارداد پر وضاحتی بیان

نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل میں آبنائے ہرمز سے متعلق قرارداد کے مسودے پر ووٹنگ کے بعد اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور پائیدار سفارتی حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کو ناگزیر سمجھتا ہے۔

سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں بحرین، سعودی عرب، قطر، کویت، متحدہ عرب امارات، عمان اور اردن سمیت خلیجی ممالک کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، جو مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعے کے براہ راست فریق نہ ہونے کے باوجود اس کے اثرات برداشت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کے تمام برادر ممالک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کی حمایت جاری رکھے گا۔

سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے نہایت اہم بحری گزرگاہ ہے، لہٰذا پاکستان جہازوں اور عملے کی سلامتی کو یقینی بنانے اور شہری بحری جہازوں کی محفوظ اور بلا تعطل آمدورفت کی بحالی کا مطالبہ کرتا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال کے اثرات صرف مشرق وسطیٰ تک محدود نہیں بلکہ عالمی معیشت اور بالخصوص ترقی پذیر ممالک کو متاثر کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق جنوبی ایشیا، جہاں دنیا کی تقریباً ایک چوتھائی آبادی رہتی ہے، اس صورتحال سے شدید متاثر ہو رہا ہے جبکہ توانائی کی فراہمی میں رکاوٹیں جدید تاریخ کے بڑے جھٹکوں میں سے ایک بن سکتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ کھاد اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی متاثر ہونے سے خوراک کے تحفظ، مہنگائی اور کمزور طبقات کی معاشی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

پاکستانی مندوب نے کہا کہ بحرین کی جانب سے قرارداد کے مسودے کی تیاری اور وسیع مشاورت قابل تحسین ہے اور پاکستان اس امر سے متفق ہے کہ آبنائے ہرمز کو جلد از جلد کھولنا اور حالات کو معمول پر لانا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان گزشتہ ماہ خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کی حمایت سے بحرین کی جانب سے پیش کردہ قرارداد 2817 کی بھی حمایت کر چکا ہے۔

تاہم انہوں نے زور دیا کہ موجودہ بحران کے حل کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو وقت اور موقع فراہم کرنا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے ارکان کی جانب سے سفارتی اقدامات کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔

سفیر عاصم افتخار نے بتایا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے فعال سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔ گزشتہ ہفتے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں مصر، سعودی عرب اور ترکی کے وزرائے خارجہ کی میزبانی کی تاکہ بحران کے پرامن حل کے لیے سفارتی روابط کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ بیجنگ میں ملاقات کے بعد پاکستان اور چین نے پانچ نکاتی مشترکہ پہل کا اعلان کیا ہے، جس میں فوری جنگ بندی، جامع امن مذاکرات کا آغاز، شہریوں اور اہم تنصیبات کا تحفظ، آبنائے ہرمز میں بحری سلامتی کی بحالی اور اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی بنیاد پر پائیدار سیاسی حل کی حمایت شامل ہے۔

اپنے بیان کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مقصد واضح ہے کہ دشمنی کا مستقل خاتمہ ہو، تنازع مزید نہ پھیلے اور شہریوں کی جان و مال کے نقصان سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر پائیدار امن کے قیام کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد کا آبنائے ہرمز سے متعلق قرارداد پر وضاحتی بیان

Shopping Basket