پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان تعلیمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت بنگلادیش کے طلباء پاکستان میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ حکومتِ پاکستان کے مطابق اس معاہدے کے تحت اسکالرشپ پروگرام کے پہلے مرحلے میں 500 بنگلادیشی طلباء کو پاکستان کے مختلف شہروں میں قائم جامعات میں داخلے دیے جائیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ منتخب طلباء کو انڈرگریجویشن پروگرامز میں فلی فنڈڈ اسکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔ اسکالرشپ کے لیے بنگلادیشی طلباء کی بڑی تعداد نے انٹری ٹیسٹ میں شرکت کی، جو ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے تحت ڈھاکا، چٹاگانگ اور راج شاہی میں منعقد کیے گئے تھے۔
یہ اسکالرشپ پروگرام شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے نام سے منسوب کیا گیا ہے، جس کا بنیادی مقصد پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان تعلیمی، ثقافتی اور عوامی روابط کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ حکومت کے مطابق یہ اقدام دونوں ممالک کے نوجوانوں کو تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ باہمی تعلقات کو نئی جہت دینے میں معاون ثابت ہوگا۔


