ضلع مہمند میں قبائلی عوام اور سیکورٹی فورسز کے قربانیوں کے بدولت امن قائم ہیں ان خیالات کا اظہار بین الاقوامی کرکٹر محمد حارث خان نے کیپٹن روح اللہ شہید سپورٹس سٹیڈیم غلنئی میں پاکستان سپورٹس فیسٹیول کے اختتامی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے شاندار ایونٹس کے انعقاد سے ثابت ہوتا ہے کہ ضلع مہمند کے عوام امن پسند ہیں اور اپنے علاقے کی ترقی چاہتے ہیں ۔ محمد حارث خان نے کہا مہمند کے جوانوں میں کافی ٹیلنٹ موجود ہیں جو بین الاقوامی سطح پر ہر میدان میں اپنے ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مہمند ڈاکٹر محمد احتشام الحق، قبائلی عمائدین اور کثیر تعداد میں شائقین موجود تھے ۔
واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ اور فرنٹیئر کور نارتھ کے باہمی اشتراک سے منعقدہ پاکستان سپورٹس فیسٹول 6 سے 23 مئ 2024 تک مہمند میں منعقد ہوا جس میں کرکٹ، فٹبال، جوڈو کراٹے ، والی بال، جمناسٹک ، لوکل میوزک اور رسہ کشی کے مقابلے منعقد ہوئے۔ ان مقابلوں میں 23 ٹیموں نے ڈسٹرکٹ کی سطح پر جبکہ 200 ٹیموں نے تحصیل کی سطح پر حصہ لیا۔ جبکہ ڈسٹرکٹ کی سطح پر 280 کھلاڑیوں اور تحصیل کی سطح پر 5000 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ جبکہ ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں نے ان مقابلوں کو دیکھا۔ ضلع مہمند میں پاکستان سپورٹس فیسٹول رنگا رنگ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اختتامی روز ٹگ آف وار اور سپیشل پرسنز وہیل چیئر مقابلوں کا انعقاد ہوا۔ اختتامی تقریب میں ٹیموں نے مارچ فاسٹ کیا۔ جبکہ کیڈٹ کالج مہمند کے کیڈٹس نے ایتھلیٹکس اور گھوڑا سواری کے شاندار کرتب دکھائے۔ بینڈ نے قومی دھنیں بجا کر حاضرین سے داد وصول کی۔ جبکہ مقامی فنکاروں نے علاقائ رقص پیش کیا۔مہمان خصوصی بین الاقوامی کرکٹر محمد حارث خان نے پاکستان سپورٹس فیسٹول میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں کو میڈلز دیئے۔ جبکہ فائنل مقابلے جیتنے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں کو ٹرافیاں اور نقد انعامات سے نوازا۔