Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Monday, June 2, 2025

پاکستان کی بانوکوثر نے ایشین جوجِٹسو چیمپئن شپ میں بھارتی حریف کو ہراکرگولڈ میڈل جیت لیا

عمان، اردن – اردن میں جاری ایشین جوجِٹسو چیمپئن شپ 2025 میں پاکستان کی بانو کوثر نے بھارتی حریف کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔

پاکستانی جوجِٹسو ٹیم نے ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت سمیت کئی مضبوط حریفوں کو مات دی۔ ایونٹ کے تیسرے دن، خواتین کے 48 کلوگرام کیٹیگری کے فیصلہ کن مقابلے میں پاکستان کی بانو کوثر نے بھارتی کھلاڑی رچا شرما کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا۔ یہ جیت نہ صرف پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ علاقائی سطح پر ایک مضبوط پیغام بھی ہے۔

اس سے قبل پہلے دن پاکستان کے ایم علی راشد اور ایم یوسف علی نے ڈوو مینز کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا، جبکہ اسراء وسیم اور کائنات عارف نے ڈوو ویمنز کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ جیت کر پاکستان کے لیے دن کا اختتام کامیابی کے ساتھ کیا۔

پاکستان جوجِٹسو فیڈریشن کے چیئرمین خلیل احمد خان نے ٹیم کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “یہ صرف تمغے نہیں، یہ اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستانی ایتھلیٹس عالمی سطح پر کسی سے کم نہیں۔ ہمیں اپنی ٹیم پر فخر ہے اور ان کامیابیوں کا سہرا کوچز، کھلاڑیوں اور تمام سپورٹ اسٹاف کی محنت کو جاتا ہے۔”

پاکستان اور ساؤتھ ایشین ریجنل جوجِٹسو ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل طارق علی نے اختتامی تقریب میں جنوبی ایشیائی خطے اور پاکستان کی نمائندگی کی اور کہا، “پاکستان کی یہ کامیابیاں جنوبی ایشیا اور خاص طور پر پاکستان میں جوجِٹسو کے فروغ کا ایک بڑا قدم ہیں۔ ہماری خواتین اور نوجوان کھلاڑیوں نے جس جذبے اور حوصلے کے ساتھ میدان میں کارکردگی دکھائی، وہ قابلِ فخر اور قابلِ تقلید ہے۔”

ایشین جوجِٹسو چیمپئن شپ 26 مئی تک جاری رہے گی، جس میں ایشیا بھر کے بہترین فائٹرز حصہ لے رہے ہیں۔ ٹیم پاکستان کی نظریں اب مزید تمغوں پر مرکوز ہیں۔

پاکستان کی بانوکوثر نے ایشین جوجِٹسو چیمپئن شپ میں بھارتی حریف کو ہراکرگولڈ میڈل جیت لیا

Shopping Basket