خیبر پختونخوا میں جاری موسمیاتی تبدیلیوں اور بڑھتے درجہ حرارت کے پیش نظر پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے کے برفانی علاقوں میں ممکنہ خطرات سے خبردار کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری مراسلے میں چترال اپر و لوئر، دیر اپر، سوات، اور کوہستان اپر کو حساس علاقے قرار دیتے ہوئے برفانی جھیلوں کے پھٹنے (Glacial Lake Outburst Floods – GLOFs) اور اچانک آنے والے سیلاب (فلیش فلڈز) کے خدشے کا اظہار کیا گیا ہے۔
اتھارٹی نے ان اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ انسانی جانوں، مال مویشی، فصلوں اور بنیادی انفراسٹرکچر کو ممکنہ نقصانات سے بچانے کے لیے بروقت حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
جاری کردہ ہدایات میں گلیشیئرز اور برفانی جھیلوں کی مسلسل نگرانی پر زور دیا گیا ہے، تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر بروقت وارننگ جاری کی جا سکے۔ علاوہ ازیں، مقامی آبادی کو خطرات سے آگاہ کرنا اور ریسکیو و ریلیف اداروں کے درمیان موثر رابطہ قائم رکھنا بھی پلان کا اہم حصہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ متوقع خطرات سے بچاؤ کے لیے مقامی سطح پر آگاہی مہم، محفوظ مقامات کی نشاندہی اور بروقت انخلاء کی حکمت عملی تیار رکھی جائے۔