پی ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں خشک سردی کے باعث اسموگ اور دھند کی شدت بڑھنے کا انتباہ جاری کیا ہے۔ مراسلے کے مطابق پشاور، چارسدہ، صوابی، مردان اور ڈی آئی خان سمیت متعدد اضلاع میں اسموگ کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔ جبکہ ایم ون موٹروے اور جی ٹی روڈ پر رات اور صبح کے اوقات میں حدِ نگاہ مزید متاثر ہو سکتی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں، اسموگ میں اضافہ سانس اور دمہ کے مریضوں کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔ این-95 یا کے این-95 ماسک کے استعمال، گھروں کی کھڑکیاں اور دروازے بند رکھنے، اور موم بتیاں یا لکڑی جلانے سے پرہیز کی تلقین بھی کی گئی ہے۔ مراسلے کے مطابق معمر افراد اور بچوں کو خصوصی احتیاط برتنے جبکہ ٹریفک کم کرنے کے لیے کار پولنگ اور پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کی اپیل کی گئی ہے۔ صنعتی دھویں اور کوڑا کرکٹ جلانے کے خلاف کارروائی تیز کرنے اور اسکولوں میں آگاہی مہم چلانے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔


