پشاور نیشنل میراتھن ریس آرمی کے محمد قاسم نے جیت لی

پشاور نیشنل میراتھن ریس آرمی کے محمد قاسم نے جیت لی
مشیر کھیل سید فخرجہاں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے

پشاور نیشنل میراتھن ریس میں پاک آرمی کے کھلاڑیوں نے میدان مار لیا۔ محمد قاسم نے پہلی پوزیشن، محمد اختر نے دوسری جبکہ تیسرے نمبر پر علی رضا آئے۔ 25 کلومیٹر پر محیط ریس میں ملک بھر سے ڈیپارٹمنٹس سمیت 3 ہزار سے زائد اتھلیٹس نے حصہ لیا جس کا باقاعدہ افتتاح وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی آمین گنڈاپور نے دوڑ لگا کر کیا۔

اختتامی تقریب حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی جس میں وزیراعلیٰ کے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ مشیر کھیل نے میراتھن ریس میں کھلاڑیوں کی شکایات اور تحفظات پر کمیٹی بنانے اور تحقیقات کرانے کا یقین دہانی بھی کرائی۔

چمکنی بی آر ٹی سٹیشن پر منعقدہ میراتھن ریس کی افتتاح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی آمین گنڈاپور نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے صوبائی حکومت خطیر وسائل خرچ کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان ہماری حکومت کی توجہ کا مرکز ہیں اور ان کی فلاح و بہبود اور انہیں صحت مندانہ سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ہر ممکن سپورٹ فراہم کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے قومی سطح کے ایونٹس کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ ہمارے صوبے کے کھلاڑیوں کو کھیلنے اور ان کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لئے مزید مواقع مل سکیں۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ کے ہمراہ صوبائی وزراء قاسم علی شاہ، مینا خان، مشیر کھیل سید فخر جہان، پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے چیئرمین جنرل (ر) اکرم ساہی، سیکرٹری سپورٹس، ڈی جی سپورٹس عبدالناصر، ڈپٹی ڈائریکٹر جمشید بلوچ، آرگنائزنگ سیکرٹری جعفر شاہ سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

میراتھن ریس کی اختتامی تقریب حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں رات گئے منعقد ہوئی جس میں مہمان خصوصی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے کھیل سید فخر جہان نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket