Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Wednesday, June 25, 2025

پشاور پولیس کا محرم الحرام کیلئے جامع سکیورٹی پلان جاری

پشاور: کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے محرم الحرام 2025 کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے 8500 سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں پر مشتمل سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے۔ سی سی پی او پشاور قاسم علی خان کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق محرم کے دوران شہر بھر میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

تمام اہم مجالس، جلوسوں، امام بارگاہوں اور روٹس کی بم ڈسپوزل یونٹس اور سنیفر ڈاگز کے ذریعے سوئپنگ کی جائے گی۔ جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کر دیا گیا ہے جس میں سی سی ٹی وی اور ڈرون کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے۔

تمام داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔ شہر میں داخل ہونے والے مشتبہ افراد اور گاڑیوں کی کڑی نگرانی جاری ہے۔ محرم کے آخری ایام میں اندرون شہر گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی ہوگی۔

پولیس فورسز میں پشاور پولیس، آر آر ایف، اے ٹی ایس، کیو آر ایف، لیڈیز پولیس، بی ڈی یو، ابابیل اسکواڈ، سٹی پٹرولنگ فورس، ڈی ایس بی اور ٹریفک پولیس شامل ہیں۔ سادہ کپڑوں میں پولیس اہلکاروں کی تعیناتی بھی عمل میں لائی گئی ہے۔

سکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے حساس مقامات پر بکتر بند گاڑیاں تعینات کی گئی ہیں۔ شہر بھر میں انٹیلیجنس بیسڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز جاری ہیں جبکہ سرائیوں، ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز میں مقیم افراد کا ڈیٹا چیک کیا جا رہا ہے۔

کوہاٹی میں سپریم کمانڈ پوسٹ بھی قائم کی گئی ہے جہاں تمام متعلقہ محکموں کے اہلکار ہمہ وقت موجود رہیں گے۔ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے 1000 سے زائد اہلکاروں پر مشتمل ٹریفک پلان بھی مرتب کیا گیا ہے۔

پشاور پولیس کا محرم الحرام کیلئے جامع سکیورٹی پلان جاری

Shopping Basket