پشاور: پشاور میں شہریوں کی حفاظت، جرائم کی روک تھام اور ٹریفک نظام کی بہتری کے لیے سیف سٹی منصوبہ تیزی سے تکمیلی مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز پشاور فرحان خان کے مطابق سیف سٹی پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح 31 جنوری کو کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ سیف سٹی منصوبے کے تحت شہر بھر میں جدید کیمروں کی تنصیب کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ پہلے مرحلے میں پشاور کے 133 اہم مقامات پر مجموعی طور پر 711 کیمرے نصب کیے جائیں گے، جن میں سے اب تک تقریباً 60 فیصد کیمرے نصب کیے جا چکے ہیں۔
ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق پولیس لائنز میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا 90 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جہاں سے شہر بھر کی نگرانی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیف سٹی منصوبے سے نہ صرف ملزمان کی نشاندہی اور گرفتاری میں مدد ملے گی بلکہ دہشت گردی کی روک تھام میں بھی مؤثر کردار ادا کیا جا سکے گا۔
فرحان خان نے مزید کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ کے ذریعے ٹریفک نظام کو بھی جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا، جس سے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے گا۔


