پشاور: 12 ربیع الاول کیلئے سکیورٹی پلان جاری، 1333 پولیس اہلکار تعینات
پشاور (ویب ڈیسک) کیپیٹل سٹی پولیس پشاور نے 12 ربیع الاول کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے۔ پلان کے مطابق مرکزی جلوس، مجالس اور تقریبات کی حفاظت کے لیے 1333 پولیس
افسران و اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ جلوس کے تمام روٹس کا ازسرِنو آڈٹ کرکے تھری لئیر سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد کے مطابق جلوس کے راستوں کی بی ڈی یو اور سنیفر ڈاگز کے ذریعے مسلسل سویپنگ کی جائے گی، جب کہ سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے سی سی ٹی وی، ڈرون کیمروں اور موبائل سرویلنس سسٹم سے نگرانی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ بندیاں قائم کی گئی ہیں اور چیکنگ مزید سخت کردی گئی ہے۔ تمام سرائیوں اور ہوٹلز میں قیام پذیر افراد کی بھی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ انٹیلی جنس بیسڈ سرچ آپریشنز کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
سی سی پی او کے مطابق اندرونِ شہر جاری مجالس اور تقاریب کی سکیورٹی کے لیے سٹی پٹرول، ابابیل اور دیگر پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹریفک کو رواں رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان بھی تشکیل دیا گیا ہے۔