یومِ شہداء پولیس: خیبرپختونخوا بھر میں عقیدت و احترام سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا:
کرک:
کرک میں 4 اگست یومِ شہداء پولیس کے موقع پر ٹاؤن ہال میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں پولیس شہداء کے اہل خانہ، بچوں، سیاسی و سماجی شخصیات اور ضلعی پولیس افسران نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے گئے اور چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ شہید پولیس اہلکار کی بیٹی کی جانب سے پیش کی گئی نظم نے شرکاء کو ابدیدہ کر دیا۔
ڈی پی او شہباز الہیٰ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ کرک پولیس کے 70 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا جو فورس کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 13 شہداء کو پلاٹ الاٹ کئے جا چکے ہیں جبکہ دیگر کے بچوں کو بھی پلاٹ دئیے جائیں گے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ شہداء کے بچوں کو بڑے نجی اداروں میں مفت تعلیم دی جا رہی ہے، اور پولیس کا جہاد امن دشمنوں کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ آخر میں شہداء کیلئے خصوصی دعا کی گئی اور بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔
ہنگو و اورکزئی:
ہنگو اور اورکزئی میں بھی یومِ شہداء پولیس کے حوالے سے تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ ڈی پی او عبدالصمد کے مطابق ہنگو میں سپاہی سے ڈی ایس پی رینک تک 58 اہلکار دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے جبکہ 32 جوان زخمی ہو کر غازی بنے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے فرنٹ لائن پر لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اور ان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔
پو لیس ٹریننگ کا لج ہنگو:
پولیس ٹریننگ کالج ہنگو میں شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے بعد از نمازِ عشاء ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمانڈنٹ مزمل خان نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ شہداء نے اپنی جانوں سے چراغ جلائے، جنہیں بجھنے نہیں دیں گے۔ تقریب کا اختتام شمع روشن کرنے اور اجتماعی دعا سے ہوا۔
ضلع خیبر:
ضلع خیبر میں ڈی پی او رائے مظہر اقبال کی قیادت میں یومِ شہداء کے حوالے سے یادگار شہداء پر سلامی اور چراغاں کیا گیا۔تقریب میں شہداء کے لواحقین اور پولیس افسران نے شرکت کی۔ ڈی پی او نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کی بدولت آج ملک میں امن قائم ہے اور پولیس ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہمیشہ کھڑی رہے گی۔
مانسہرہ:
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈاپور کی قیادت میں ایک پُروقار واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں، طلباء، اساتذہ اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔ واک کے اختتام پر یادگار شہداء پر سلامی دی گئی، پھول چڑھائے گئے، شمعیں روشن کی گئیں اور دعائیں کی گئیں۔ڈی پی او مانسہرہ نے کہا کہ پولیس شہداء کی قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
ایبٹ آباد:
تھانہ کینٹ ایبٹ آباد کے باہر یومِ شہداء کے موقع پر چراغاں کیا گیا۔ تقریب میں ایس ایس پی ٹریفک قمر حیات خان، ڈی ایس پیز، ایس ایچ او اور شہریوں نے شرکت کی۔ شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی اور ان کی قربانیوں کو یاد کیا گیا۔
مردان:
ڈی پی او مردان نے یومِ شہداء کے موقع پر شہداء کے گھروں کا دورہ کیا، لواحقین سے ملاقات کی، بچوں سے شفقت کا اظہار کیا اور قبروں پر حاضری دی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس شہداء ہمارے اصل ہیرو ہیں اور ان کے مشن کو جاری رکھا جائے گا۔